کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کانگریس اور انڈیا اتحاد (انڈین نیشنل ڈیولپمنٹل انکلوسیو الائنس) کے تئیں لوگوں کی سوچ میں بہت تبدیلی آئی ہے۔ انڈیا اتحاد کے حق میں ایک خاموش لہر چل رہی ہے جو لوک سبھا انتخاب میں بی جے پی کو اکثریت حاصل کرنے سے روکنے میں کامیاب رہے گی۔ یہ تبصرہ انھوں نے ’ٹائمز آف انڈیا‘ کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں کیا ہے جس کی کٹنگ کانگریس صدر نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر بھی کی ہے۔
کھڑگے نے اس انٹرویو میں بی جے پی و آر ایس ایس کے خلاف عوام کی سوچ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ لوگ اس آر ایس ایس و بی جے پی کے نظریات کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں جو سماج میں نفرت و تقسیم پھیلاتی ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ لوگوں کو لگتا ہے یہ لڑائی اب جمہوریت و آئین کو بچانے کی ہے اور وہ کانگریس و انڈیا اتحاد کو حمایت دے رہے ہیں۔
کانگریس صدر نے بی جے پی پر رام مندر، ہندو-مسلم اور ہند-پاک کے نام پر لوگوں کو بار بار مشتعل کرنے اور انھیں جذباتی طور پر لوٹنے کا بھی الزام عائد کیا۔ ساتھ ہی انھوں نے دعویٰ کیا کہ لوگ اب ان کا اصل چہرہ پہچان گئے ہیں۔ ملک کے موجودہ حالات پر بات کرتے ہوئے کھڑگے نے کہا کہ ’’ملک بھر میں سفر کرنے کے بعد ہم یہ محسوس کر رہے ہیں کہ ہمارے حق میں ایک خاموش لہر چل رہی ہے۔ کانگریس پارٹی اور انڈیا اتحاد کے ساتھیوں کو اس بار زیادہ سیٹیں ملیں گی۔‘‘ ساتھ ہی کھڑگے نے عزم ظاہر کیا کہ ’’ہم بی جے پی کو اقتدار میں آنے کے لیے ضروری سیٹیں حاصل کرنے سے روکنے میں کامیاب رہیں گے۔ مجھے لگتا ہے کہ بی جے پی اپنی حکومت نہیں بنا پائے گی۔‘‘
ایک سوال کے جواب میں ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ ’’صرف ہم ہی نہیں، بلکہ عوام بھی ہمارے لیے لڑ رہی ہے۔ ہم جس نظریہ کو مانتے ہیں، لوگ اس کی حمایت کر رہے ہیں۔ یہ صاف ہو چکا ہے کہ بی جے پی پیچھے رہ جائے گی اور ہم آگے بڑھیں گے۔‘‘