دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے کہا ہے کہ کانگریس پارٹی اور انڈیا الائنس کے ہر کارکن کو بی جے پی کی آمریت کے خلاف آواز اٹھانی چاہئے اور اپنے مضبوطی سے کام کرنے کی روایت کے مطابق تمام ووٹروں سے رابطہ قائم کرنا چاہئے۔ ہر ووٹرس کے گھر جاکر اسے کانگریس پارٹی کے 5 نیائے (انصاف) اور 25 گارنٹیوں کے بارے میں مکمل معلومات دینی چاہئے۔
دہلی کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے بادلی اسمبلی حلقے میں میں بی ایل اے-2 کے تربیتی کیمپ کا آغاز کیا۔ اس موقع پر انہوں نے دہلی کانگریس بوتھ مینجمنٹ کمیٹی کے زیر اہتمام تربیتی کیمپ کی ٹیم اور تربیت حاصل کرنے والے بی ایل اے کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام اسمبلیوں میں بی ایل اے-2 ہر بوتھ کو مضبوط کرنے کے لیے ایک اہم کڑی ہے جو عوام تک پارٹی کے پروگرام کو براہ راست پہنچاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سات دنوں میں تمام اسمبلیوں میں بی ایل اے کے تربیتی کیمپ لگائے جائیں گے۔ کانگریس کے کارکنان تمام بوتھوں پر مضبوطی سے کام کریں گے اور وہ انڈیا الائنس کے تمام امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیابی کو یقینی بنائیں گے۔
دہلی پردیش کانگریس کے صدر نے کہا کہ تربیتی کیمپ میں بوتھ لیول ایجنٹس کو ہر قسم کی تربیت دی گئی کہ کس طرح لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کے امیدوار کی تشہیر کی جائے، منشور میں دی گئی معلومات کو کس طرح ہر رائے دہندوں تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے تمام 13630 بوتھوں پر کانگریس کارکنان دہلی کے عوام سے گھر گھر جا کر رابطہ کریں گے تاکہ انڈیا الائنس کے امیدواروں کی جیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ پارٹی کے کارکنان پارٹی کے کے منشور ’نیائے پتر‘ میں کیے گئے وعدوں اور پروگراموں کو عوام تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی کیمپ میں ووٹر لسٹ کس طرح چیک کرنی ہے، ووٹنگ والے دن ای وی ایم مشینوں کی نگرانی کیسے رکھنی ہے، بوتھ کے اندر اور باہر بٹیھنے والے بوتھ ایجنسٹس کو کیا کام کرنا ہے اور کس طرح کی گڑبڑ یا شک ہونے پر کیا کارروائی کرنی ہے، ان تمام امور پر خصوصی تربیت دی گئی۔
اس موقع پر راجیش گرگ نے کہا کہ گزشتہ کئی مہینوں سے بوتھ مینجمنٹ کمیٹی دہلی کے تمام بوتھوں پر تنظیم کو مضبوط بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔ ہم نے ہر بوتھ پر کمیٹیاں بنائی ہیں اور بی ایل اے کو تعینات کیا ہے۔ بوتھ کمیٹی گھر گھر جا کر لوک سبھا امیدواروں کے حق میں مہم چلائے گی اور بی ایل اے کانگریس کو مضبوط کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ تربیتی کیمپ کا انعقاد بوتھ مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین راجیش گرگ نے کیا تھا اور بی ایل اے کو تربیت مسٹر ارون گرگ نے دی۔ اس تربیتی کیمپ میں سابق ضلع صدر شری اندرجیت شوقین، سابق کونسلر دھرم ویر یادو اور جئے پرکاش رانا، بادلی آبزرور اندرا مینا، کارپوریشن کے امیدوار اجے یادو اور اشوک یادو، انل رانا نیلی پہلوان خاص طور پر شریک تھے۔