International

امریکہ میں فلسطین کی حمایت میں زبردست مظاہرے، تعلیمی اداروں کے طلبہ سڑکوں پر نکل آئے

168views

 امریکہ میں گزشتہ کئی دنوں سے فلسطین کی حمایت اور اسرائیلی کے خلاف زبردست مظاہرے ہو رہے ہیں۔ ان مظاہروں میں مختلف یونیورسٹیوں کے طلبہ شریک ہیں اور یہ لوگ سڑکوں پر اتر کر احتجاج کر رہے ہیں۔ پولیس کے ذریعے ان کے خلاف کارروائی ہو رہی ہے اور انہیں گرفتار بھی کیا جا رہا ہے لیکن مظاہرے ہیں کہ رکنے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔ ان مظاہروں کی وجہ سے ان دنوں امریکہ میں اعلیٰ تعلیمی سلسلہ ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے۔ ان مظاہروں نے امریکہ میں زبردست ہیجان برپا کردیا ہے۔

ان مظاہروں میں گزشتہ روز (6 مئی) کو اس وقت شدت دیکھنے میں آئی جب مظاہرین کی جانب سے امریکی پرچم کو نذرِ آتش کیے جانے خبر آئی۔ بتایا جاتا ہے کہ مظاہرین نے سب سے پہلے سنٹرل پارک میں پہلی جنگ عظیم کی یادگار میں توڑ پھوڑ کی اور امریکی پرچم کو نذر آتش کر دیا۔ یہ سب کچھ اس وقت ہوا جب ایک ہزار سے زائد مظاہرین کے ایک گروپ کو نیویارک پولیس نے میٹ گالا جانے سے روک دیا۔

واضح رہے کہ میٹ گالا ایک فیشن ایونٹ ہے، جس کا پوری دنیا میں فلم انڈسٹری سے جڑے لوگ انتظار کرتے ہیں۔ فیشن سے محبت کرنے والوں کے لیے یہ تقریب کسی تہوار سے کم نہیں۔ میٹ گالا 2005 سے ہر سال مئی کے پہلے پیر کو منعقد ہوتا ہے۔ اس بار یہ تقریب 6 مئی کو نیویارک کے میٹروپولیٹن میوزیم آف آرٹ میں شروع ہوئی، جسے مظاہرین رکاوٹیں ڈالنا چاہتے تھے۔

امریکی پرچم کو نذر آتش کرنے کا واقعہ 107 ویں انفنٹری میموریل کے مقام کے قریب پیش آیا اور اس موقع پر بھی توڑ پھوڑ کی خبریں ہیں۔ مظاہرین نے یادگار پر سیاہ پینٹ میں ’غزہ‘ لکھا اور یادگار پر فلسطینی پرچم لگا دیا۔ اس پورے واقعے کے بعد نیویارک پولیس حرکت میں آئی اور میڈیسن ایونیو اور ایسٹ 83 ویں اسٹریٹ کے قریب سے دو درجن سے زائد مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔ ان میں سے بہت سے مظاہرین ہنٹر کالج سے میٹ گالا کی طرف مارچ کر رہے تھے۔ آخر کار پولیس نے انہیں سینٹرل پارک کی ایسٹ 79 ویں اسٹریٹ پر روک لیا۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.