National

گجرات کے سمندر میں این سی بی اور اے ٹی ایس کی بڑی کارروائی، 80 کلو منشیات کے ساتھ 14 پاکستانی گرفتار

163views

انڈین کوسٹ گارڈ نے گجرات کے ساحل سے دور بین الاقوامی میری ٹائم بارڈر لائن کے قریب 14 پاکستانی شہریوں کو تقریباً 80 کلو منشیات کے ساتھ گرفتار کیا ہے۔ یہ کارروائی نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) اور گجرات اے ٹی ایس نے مشترکہ طور پر کی ہے۔ خفیہ معلومات کی بنیاد پر گزشتہ کئی دنوں سے ایجنسیوں کی جانب سے یہ آپریشن چلایا جا رہا تھا۔

انڈین کوسٹ گارڈ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے معلومات شیئر کی ہے۔ پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ گجرات اے ٹی ایس اور این سی بی کی جانب سے سمندر میں رات بھر کارروائی کی گئی جس میں ایک پاکستانی کشتی مغربی بحیرہ عرب میں پکڑی گئی ہے۔ اس کشتی میں عملے کے 14 پاکستانی ارکان سوار تھے۔ ان کے قبضے سے 80 کلو منشیات ضبط کی گئی ہے جس کی قیمت تقریباً 600 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ اسی سال فروری میں این سی بی اور ہندوستانی بحریہ نے گجرات کے ساحل کے قریب منشیات کی اب تک کی سب سے بڑی کھیپ پکڑی تھی۔ اس وقت مشترکہ آپریشن میں 3 ہزار 132 کلو منشیات ضبط کی گئی تھیں جن کی مالیت 1000 کروڑ روپے سے زیادہ تھی۔ بحریہ نے اس جہاز کو اپنے علاقے میں قبضے میں لیتے ہوئے پانچ افراد کو گرفتار کیا تھا۔ فروری 2022 میں این سی بی اور ہندوستانی بحریہ نے گجرات کے ساحل کے قریب ایک بحری جہاز کو پکڑا تھا جس سے 2 کوئنٹل سے زیادہ میتھام فیٹامائن (منشیات میں استعمال ہونے والا ایک خاص قسم کا کیمکل) برآمد ہوا تھا۔ مئی 23 میں این سی بی نے ایک پاکستانی جہاز سے کم از کم 12 ہزار کروڑ روپے مالیت کی 2500 کلو گرام میتھام فیٹامائن ضبط کی تھی۔ اس جہاز کو ہندوستان، سری لنکا اور مالدیپ میں خریداروں کو منشیات سونپنے سے قبل ہی بحر ہند میں روک لیا گیا تھا۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.