National

لوک سبھا انتخابات 2024: شمال وسط ممبئی سے بی جے پی نے کاٹا پونم مہاجن کا ٹکٹ، مشہور وکیل اجول نکم کو بنایا امیدوار

163views

لوک سبھا انتخابات 2024 میں ممبئی کے شمال وسط حلقہ پارلیمنٹ سے بی جے پی نے اپنی موجودہ رکن پارلیمنٹ پونم مہاجن کو ٹکٹ نہ دیتے ہوئے ان کی جگہ مشہور وکیل اجول نکم کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ پونم مہاجن یہاں سے گزشتہ 10 سالوں سے رکن پارلیمنٹ تھیں۔ ٹکٹ منسوخ ہونے کے بعد پونم مہاجن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے یہاں سے 10 سال تک رکن پارلیمنٹ کے طور پر نمائندگی کرنے کا موقع دینے پر بی جے پی اور نریندرمودی کا شکریہ ادا کیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہاں کے لوگوں سے میرا رشتہ قائم رہے گا۔ مجھے ایک خاندان ہی نہیں بلکہ ایک بیٹی کی طرح بھی محبت دینے کے لیے میں حلقے کی خاندان کی مانند عوام کی ہمیشہ مقروض رہوں گی، اور یہ امید کروں گی کہ یہ رشتہ ہمیشہ قائم رہے گا۔ انہوں نے مزید لکھا ہے کہ میرے آئیڈیل، میرے والد مرحوم پرمود مہاجن جی نے مجھے ’قوم پہلے، پھر ہم‘ کا راستہ دکھایا، میں ایشور سے یہ دعا کرتی ہوں کہ میں زندگی بھر اسی راستے پر چل سکوں۔ میری زندگی کا ہر لمحہ ہمیشہ اس ملک کی خدمت کے لیے وقف رہے گا۔ جئے ہند، جئے مہاراشٹر۔

جبکہ اس سیٹ سے بی جے پی سے ٹکٹ ملنے پر اجول نکم نے بھی اپنا ردعمل ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ مجھے سیاست کا کوئی تجربہ نہیں ہے پھر بھی مجھے ذمہ داری دی گئی ہے۔ انہوں نے پونم مہاجن کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب میں پرمود مہاجن قتل کا کیس لڑ رہا تھا تو پونم مہاجن ہمیشہ مجھ سے ملتی تھیں۔ انہوں نے 10 سال تک اس لوک سبھا حلقہ کی نمائندگی کی۔ میں ان سے ملوں گا اور بہت سی معلومات حاصل کروں گا۔

دریں اثنا انڈیا الائنس نے اس سیٹ سے ایک روز قبل ہی ممبئی کانگریس کی صدر ورشا گائیکواڑ کی امیدواری کا اعلان کیا تھا۔ ورشا گائیکواڑ آنجہانی ایکناتھ گائیکواڑ کی صاحبزادی ہیں جوچار بار کے رکن اسمبلی اور دو بار کے رکن پارلیمنٹ تھے۔ انڈیا الائنس کی جانب سے یہاں سے ورشا گائیکواڑ کی امیدواری کے بعد ہی بی جے پی نے یہاں سے پونم مہاجن کا ٹکٹ رد کرتے ہوئے اجول نکم کو ٹکٹ دیا ہے۔ اس سے ورشا گائیکواڑ کی یہاں سے مضبوط پوزیشن کا اندازہ لگا یا جا سکتا ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.