کانگریس کے منشور پر لوگوں کے ردعمل کا سیلاب، ویڈیو پر 2 لاکھ تبصرے، 10 ہزار ای-میل موصول، راہل گاندھی کا اظہار مسرت
نئی دہلی: کانگریس پارٹی نے حال ہی میں ’نیائے پتر‘ کے نام سے انتخابی منشور جاری کیا ہے، جس کے حوالہ سے راہل گاندھی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہوئی ہے۔ لوگوں نے ویڈیو پر 2 لاکھ تبصرے کئے ہیں جبکہ 10 ہزار سے زیادہ ای-میل بھیجے ہیں۔ راہل گاندھی نے نئی ویڈیو شیئر کر کے یہ اطلاع دی ہے۔
راہل گاندھی نے ویڈیو کے ذریعے اطلاع دی، ’’نمسکار! میری سابق ویڈیو پر کانگریس کے ’نیائے پتر‘ کے بارے میں بڑی تعداد میں آپ کے ردعمل دیکھ کر میں بہت خوش ہوں۔ مجھے تقریباً 10 ہزار سے زیادہ ای میل اور 2 لاکھ کمنٹز موصول ہوئے ہیں۔ ہم ان سبھی کو پڑھ رہے ہیں۔‘‘
انہوں نے مزید بتایا، ’’آپ کے مشوروں اور خیالات نے کانگریس کے منشور کی تخلیق کی ہے، آپ کی سہولیات اور ترقی کے لیے ہی بنا ہے ہمارا نیائے پتر۔ میری پوری کوشش رہے گی کہ آپ کے سوالوں کا جواب دہے پاؤں۔ یہ منشور سماج میں انصاف اور ترقی کے طرز پر بنایا گیا ہے اور بیشتر ردعمل سے یہی پتہ چل رہا ہے کہ آپ کو یہ پسند آیا ہے۔‘‘
راہل گاندھی نے کہا کہ اپنے خیالات، سوال اور مشورے rgconnects@inc.in پر بھیجتے رہیں، میں وقت نکال کر ان پر جواب دیتا رہوں گا۔