سعودی عرب میں آج نظر نہیں آیا شوال کا چاند، حکومت نے 10 اپریل کو عید منائے جانے کا کیا اعلان
سعودی عرب میں شوال کا چاند آج یعنی پیر کے روز نظر نہیں آیا۔ چاند نظر نہیں آنے کے بعد سعودی عرب حکومت نے عید کی تاریخ سے متعلق اعلان کر دیا ہے۔ سعودی میں بدھ کے روز یعنی 10 اپریل کو عیدالفطر کا تہوار منایا جائے گا۔ سعودی عرب میں آج 29 روزہ مکمل ہو گیا اور شوال کا چاند دیکھنے کا اہتمام کیا گیا، لیکن سعودی عرب و اطراف سے چاند نہ دیکھے جانے کی اطلاع ملی تو 9 اپریل کی جگہ 10 اپریل کو، یعنی 30 روزہ مکمل کرنے کے بعد عید الفطر منائے جانے کا اعلان کیا گیا۔
چونکہ ہندوستان میں آج 28 روزہ مکمل ہو گیا ہے، اس لیے 9 اپریل کو شوال کا چاند دیکھنے کا اہتمام کیا جائے گا۔ حالانکہ سعودی عرب میں 30 روزہ مکمل ہو رہا ہے، تو ہندوستان میں بھی امید کی جا رہی ہے کہ 30 روزہ مکمل ہوگا، یعنی عید 11 اپریل کو منایا جائے گا۔ کل (9 اپریل) کو شوال کا چاند نظر نہیں آیا تو باضابطہ اس کا اعلان ہلال کمیٹیوں اور مسلم تنظیموں کے ذریعہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ عیدالفطر کو ’میٹھی عید‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ رمضان المبارک کا مہینہ ختم ہونے کے بعد مسلم طبقہ خوشی کا یہ تہوار منایا جاتا ہے۔ اس تہوار میں غیر مسلم طبقہ بھی بھائی چارہ کا مظاہرہ کرتے ہوئے شریک ہوتا ہے اور خصوصاً ہندوستان میں عید کا تہوار گنگا-جمنی تہذیب کی ایک بہترین مثال بن جاتا ہے۔