National

عآپ لیڈر سنجے سنگھ انڈیا الائنس کے لیے چلائیں گے اترپردیش میں انتخابی مہم

141views

عام آدمی پارٹی نے اتر پردیش میں آئندہ لوک سبھا انتخابات کے لیے اپنا کوئی امیدوار نہیں اتارا ہے، مگر اس نے انڈیا الائنس کے لیے اترپردیش میں انتخابی مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ حال ہی میں ضمانت پر رہا ہوئے عآپ لیڈر و رکن راجیہ سبھا سنجے سنگھ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اترپردیش میں انڈیا الائنس کے لیے پوری طاقت سے انتخابی مہم چلائیں گے۔

خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس کے مطابق سنجے سنگھ نے کہا ہے کہ ’’میں نے 6 مہینے سلاخوں کے پیچھے گزارے ہیں، جس سے ہمارا عزم مزید مضبوط ہوا ہے۔ اب ہم اس پیغام کو پورے ملک میں لے کر جائیں گے اور میں آپ کو بتاتا ہوں کہ یہ عام آدمی پارٹی ہے، جس نے اصولوں پر سمجھوتہ کرنے کے بجائے جیل جانے کو ترجیح دی۔

سنگھ نے کہا کہ ’’جیل سے باہر آنے کے بعد اتر پردیش، مہاراشٹر اور آندھرا پردیش کے کارکن مجھ سے ملنے آئے۔ بی جے پی نے ہماری اعلیٰ قیادت کو سلاخوں کے پیچھے بھیج دیا ہے۔ گوکہ اس واقعہ سے ہمارے پارٹی کارکنوں کے حوصلے متاثر ہوئے ہیں لیکن ہم دوبارہ اپنی ڈگر آ جائیں گے۔‘‘ اسی کے ساتھ عآپ لیڈر نے کانگریس کے لیڈران کے بڑی تعداد میں بی جے پی میں شامل ہونے پر حیرت کا اظہار کیا۔

پارٹی کے سیاسی حکمت عملی کے طور پر سنجے سنگھ نے ان ریاستوں کا بھی دورہ کرنے کا اعلان کیا ہے جہاں عام آدمی پارٹی انتخابی میدان میں ہے یا جہاں پارٹی نے انڈیا الائنس کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ سنجے سنگھ کو بدھ کو ضمانت مل گئی تھی، انہیں چھ ماہ قبل نئی ایکسائز پالیسی کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.