National

اتر پردیش، بہار، دہلی-این سی آر میں زوردار بارش کا اندیشہ، یلو الرٹ جاری، ژالہ باری کا بھی امکان

141views

ملک کی کئی ریاستوں میں اس وقت شدید گرمی سے عوام پریشان ہے اور اپریل-مئی ماہ میں گرمی کی شدت بڑھنے کا اندیشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس درمیان کچھ ریاستوں میں موسم کا مزاج بدلنے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ اتر پردیش، بہار، دہلی-این سی آر سمیت کچھ ریاستوں میں زوردار بارش اور ژالہ باری کی پیشین گوئی محکمہ موسمیات کے ذریعہ کی جا رہی ہے۔

دہلی-این سی آر میں جمعہ کی دیر رات موسم میں بڑی تبدیلی ہونے کا امکان ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کی پیشین گوئی کے مطابق 60-40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی چل سکتی ہے اور زوردار بارش و ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ آئی ایم ڈی نے اتر پردیش کے لیے بھی کچھ ایسی ہی پیشین گوئی کی ہے۔ جمعہ کی شب رات 10 بجے اتر پردیش کے کچھ حصوں میں بارش سے متعلق امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔ آئی ایم ڈی نے لوگوں کے موبائل نمبرس پر الرٹ میسج بھیج کر بتایا ہے کہ آئندہ 3 گھنٹوں میں علی گڑھ، بلند شہر، جی بی نگر، غازی آباد، ہاپوڑ میں بیشتر مقامات پر تیز آندھی کے ساتھ ژالہ باری ہونے کا امکان ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سلسلے میں یلو الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔ بہار کے کچھ علاقوں میں بھی بارش سے متعلق پیشین گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے دہلی اور آس پاس کے علاقوں میں دیر رات بارش اور تیز ہواؤں کی پیشین گوئی کی ہے۔ دہلی، نوئیڈا، غازی آباد اور دیگر حصوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ ساتھ ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔ اس سے گرمی کی شدت میں کچھ کمی ظاہر ہوگی۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.