National

ملی ٹینٹ-گینگسٹر گٹھ جوڑ: این آئی اے نے ملک کی 4 ریاستوں میں 30 مقامات پر چھاپے مارے

127views

نئی دہلی: این آئی اے نے ملی ٹینٹوں اور بدنام زمانہ مجرموں کے گٹھ جوڑ کی تحقیقات کے سلسلے میں منگل کو چار ریاستوں اور ایک مرکز کے زیر انتظام علاقے میں چھاپے مارے۔ پی ٹی آئی نے ذرائع کے حوالہ سے یہ اطلاع دی۔ رپورٹ کے مطابق اس معاملے میں این آئی اے پنجاب، ہریانہ، راجستھان، مدھیہ پردیش اور مرکز کے زیر انتظام چنڈی گڑھ میں 30 مقامات پر بڑے پیمانے پر چھاپے مارے۔

این آئی اے کے ایک ترجمان نے پہلے کہا تھا کہ اس طرح کے مافیا اور ملی ٹینٹوں کے نیٹ ورک اور ان کی حمایت کرنے والے بنیادی ڈھانچے کو ختم کرنے کی اپنی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر این آئی اے نے حالیہ مہینوں میں متعدد ٹارگٹڈ حکمت عملی اپنائی ہے، جس میں ’’دہشت گردانہ سرگرمیوں سے ہونے والی آمدنی سے حاصل کی گئی جائیدادوں کی اٹیچمنٹ اور ضبطی بھی شامل ہے۔

امر اجالا کی رپورٹ کے مطابق، پنجاب کے شہر فریدکوٹ کے علاقے کوٹ کپورا میں منگل کی صبح این آئی اے کی ٹیم نے ایک تاجر کے گھر پر چھاپہ مارا۔ یہ تفتیش پچھلے ڈھائی گھنٹوں سے جاری تھی اور حکام کی جانب سے اس ضمن میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی۔

وہیں، موگا کے علاقے نہال سنگھ والا کے گاؤں ولاسپور میں این آئی اے نے رویندر سنگھ نامی ایک نوجوان کے گھر پر چھاپہ مارا۔ این آئی اے کی ٹیم رویندر کے نام سے رجسٹرڈ موبائل نمبر کی معلومات حاصل کرنے کے لیے وہاں پہنچی تھی۔ اسی طرح موگا کے علاقے چوگاوا میں بھی این آئی اے کی ٹیم نے ایک گھر میں چھاپہ مارا ہے۔

ہریانہ کے ہسار شہر میں این آئی اے کی ٹیم پہنچ چکی ہے۔ معلومات کے مطابق، ٹیم نے سیوانی کے علاقے داریاپور ڈھانی میں ایک ٹرانسپورٹر کے گھر پر چھاپہ مارا ہے۔ حکام کی جانب سے اس معاملے پر کوئی معلومات فراہم نہیں کی جا رہی ہیں۔

Follow us on Google News