آج یعنی 11 مارچ کو رمضان المبارک کا چاند ملک بھر میں دیکھا گیا اور اس کا اعلان مختلف رویت ہلال کمیٹیوں اور مسلم تنظیموں کے ذریعہ بھی کیا گیا ہے۔ دہلی، اتر پردیش اور بہار سمیت کئی ریاستوں میں رمضان کا چاند عام طور پر دیکھا گیا یعنی 12 مارچ بروز منگل ہندوستان میں پہلا روزہ رکھا جائے گا۔
ہلالِ رمضان سے متعلق اطلاع دیتے ہوئے امارت شرعیہ ہند (نئی دہلی) نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں لکھا گیا ہے ’’آج ابھی بعد نماز مغرب رویت ہلال کمیٹی امارت شرعیہ ہند کی میٹنگ مولانا نیاز احمد فاروقی صاحب سکریٹری جمعیۃ علماء ہند کے زیر صدارت، امارت شرعیہ ہند کے مرکزی دفتر 1، بہادر شاہ ظفر مارگ، نئی دہلی میں منعقد ہوئی۔ چاند دیکھنے کا اہتمام کیا گیا۔ دہلی سمیت ملک کے بیشتر مقامات سے بھی رویت عامہ کی اطلاعات موصول ہوئیں۔‘‘ بعد ازاں لکھا گیا ہے کہ ’’رویت ہلال کمیٹی امارت شرعیہ ہند اعلان کرتی ہے کہ 29 کی رویت شرعاً ثابت ہو گئی ہے۔ کل بتاریخ 12 مارچ 2024 بروز منگل ماہ رمضان المبارک 1445ھ کی پہلی تاریخ ہوگی۔ سبھی لوگوں کو رمضان المبارک کی آمد مبارک ہو۔ اللہ پاک ہمیں اس مہینہ میں روزہ رکھنے اور قیام لیل کی توفیق عطا فرمائیں۔ (آمین)‘‘
اسی طرح امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ پھلواری شریف (پٹنہ) دفتر نے جاری بیان میں لکھا ہے کہ ’’حضرت مولانا وصی احمد قاسمی صاحب نائب قاضی شریعت مرکزی دارالقضاء امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ پھلواری شریف، پٹنہ نے اعلان کیا ہے کہ مورخہ 11 مارچ 2024، روز سوموار کو مرکزی دفتر امارت شرعیہ اور اس کی دیگر شاخوں میں ماہ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کا اہتمام کیا گیا۔‘‘ اس کے بعد بیان میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ ’’پھلواری شریف اور ملک کے دیگر مقامات پر رمضان المبارک کا چاند عام طور سے نظر آیا۔ اس لیے مورخہ 12 مارچ 2024، روز منگل کو رمضان المبارک کی پہلی تاریخ قرار پائی۔ تمام مسلمان 12 مارچ 2024، روز منگل سے روزہ رکھنے کا اہتمام کریں۔‘‘
مرکزی ادارہ شرعیہ، سلطان گنج پٹنہ کے دفتر نے بھی ہلالِ رمضان سے متعلق پریس بیانیہ جاری کیا ہے۔ اس میں لکھا گیا ہے کہ ’’محمد حسن رضا نوری صدر مفتی مرکزی ادارہ شرعیہ، پٹنہ، بہار مطلع کرتے ہیں کہ آج مورخہ 29 شعبان المعظم 1445ھ بروز پیر عام طور پر رمضان المبارک 1445ھ کا چاند دیکھا گیا ہے۔ لہٰذا 29 کی رویت کا اعتبار کرتے ہوئے 12 مارچ 2024 بروز منگل رمضان المبارک 1445ھ کی پہلی تاریخ ہے۔‘‘