National

بینکوں میں واپس آ چکے ہیں 2000 روپے کے 97.62 فیصد نوٹ، اب صرف 8470 کروڑ روپے کا انتظار

131views

گزشتہ سال مئی میں 2000 روپے کے نوٹ کو چلن سے باہر کر دیا گیا تھا۔ اس کے بعد سبھی دو ہزار روپے کے نوٹ بینکوں میں یا پھر آر بی آئی میں جمع کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔ اب آر بی آئی (ریزرو بینک آف انڈیا) نے بتایا ہے کہ دو ہزار روپے کے 97.62 فیصد نوٹ بینکنگ سسٹم میں واپس آ گئے ہیں۔ آر بی آئی کا کہنا ہے کہ 29 فروری 2024 کو کاروبار بند ہونے کے بعد بازار میں موجود دو ہزار روپے کے نوٹوں کی قدر گھٹ کر 8470 کروڑ روپے ہو گئی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ 19 مئی 2023 کو جب دو ہزار کے نوٹ کو چلن سے نکالنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تو دو ہزار روپے کے بینک نوٹ کی مجموعی قدر 3.56 لاکھ کروڑ روپے تھی۔ اس کے بعد لوگوں نے اپنے پاس موجود دو ہزار روپے کے نوٹ بینکوں میں جمع کرانے شروع کیے اور دھیرے دھیرے بازار سے یہ پوری طرح ختم ہو گئے۔ اب جن کے پاس دو ہزار روپے کے نوٹ ہیں وہ آر بی آئی میں ہی بدلے جا سکتے ہیں۔

گزشتہ سال 20 اکتوبر کو بھی آر بی آئی نے دو ہزار روپے کے نوٹ سے متعلق تفصیلات پیش کی تھیں۔ اس وقت آر بی آئی گورنر نے بتایا تھا کہ ’’2000 روپے کے نوٹ واپس آ رہے ہیں اور سسٹم میں صرف 10 ہزار کروڑ روپے ہی ایسے نوٹ بچے ہیں جو 2000 روپے کے نوٹ پر مشتمل ہیں۔ امید ہے کہ یہ رقم بھی واپس آ جائے گی۔‘‘

واضح رہے کہ آر بی آئی نے گزشتہ سال 19 مئی کو اچانک ایک حیران کرنے والا فیصلہ لیا اور 2000 روپے کے نوٹوں کو سلسلہ وار طریقے سے واپس لینے کا اعلان کر دیا تھا۔ عوام اور 2000 روپے کا نوٹ رکھنے والی یونٹس کو شروع میں 30 ستمبر 2023 تک 2000 روپے کے نوٹ بدلنے یا بینک اکاؤنٹس میں جمع کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔ بعد میں آخری تاریخ بڑھا کر 7 اکتوبر کر دی گئی تھی۔ 8 اکتوبر کے بعد سے 2000 روپے کے نوٹ صرف آر بی آئی کے 19 علاقائی دفاتر میں ہی بدلے جا رہے ہیں۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.