آندھرا پردیش کانگریس کے صدر وائی ایس شرمیلا ریڈی نے حیدرآباد سائبر کرائم پولیس میں ان لوگوں کے خلاف شکایت درج کرائی ہے جو ان کے خلاف سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مہم چلا رہے ہیں۔ اپنی شکایت میں انہوں نے کہا کہ ملزمین سوشل میڈیا پر انہیں خوفزدہ کرنے کے ارادے سے مہم چلا رہے ہیں، لیکن وہ ڈرنے والی نہیں ہیں۔
کانگریس کی ریاستی صدر نے اپنے شکایت میں کہا ہے کہ ملزمین نے سوشل میڈیا پر گویا تصاویر کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کے مقابلے شروع کر دیئے ہیں۔ شوہر انل کمار کے ذریعے کی گئی شرمیلا کی شکایت کی بنیاد پر سائبر کرائم پولیس نے 2 مقدمات درج کر لیے ہیں۔
آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ وائی ایس جگن موہن ریڈی کی بہن شرمیلا نے کہا کہ ’’وہ آندھرا پردیش کانگریس کمیٹی (اے پی سی سی) کے صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے لوگوں سے مل رہی ہیں۔ جب سے انہوں نے اضلاع کا دورہ کرنا شروع کیا ہے، کچھ لوگ انہیں اور ان کے ساتھیوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔‘‘
اپنی شکایت میں شرمیلا نے اپنے خلاف کیے گئے کچھ تضحیک آمیز تبصروں کا بھی حوالہ دیا سے اور پولیس سے کارروائی کرنے کی درخواست کی ہے۔ کانگریس لیڈر نے اپنی شکایت میں 8 لوگوں کے نام بھی لیے ہیں، ان میں سے کچھ مبینہ طور پر بیرون ملک مقیم ہیں۔ شرمیلا نے اس سے قبل وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے لیڈروں پر تنقید کی تھی کہ وہ کانگریس پارٹی میں شامل ہونے کے بعد سے ان کے خلاف ذاتی تبصرے کررہے ہیں۔