
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 13 جنوری:۔ وزیر رام داس سورین (اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈیپارٹمنٹ اور رجسٹریشن ڈیپارٹمنٹ، جھارکھنڈ) نے سوموار کو رام گڑھ ضلع کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے رام گڑھ کی ایم ایل اے ممتا دیوی، رام گڑھ کے ڈی سی چندن کمار اور دیگر عوامی نمائندوں اور عہدیداروں کی موجودگی میں رام گڑھ ضلع کے تحت دلمی بلاک کے دلمی پنچایت میں جھارکھنڈ گرلز ریزیڈنشیل اسکول چماروم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے جھارکھنڈ گرلز ریزیڈنشیل اسکول کے افتتاح پر تمام طالبات کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کی قیادت میں محکمہ تعلیم کی یہ کوشش ہے کہ ریاست کے بچوں کو تعلیم سے متعلق ہر طرح کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ محکمہ تعلیم اس سمت میں مسلسل کام کر رہا ہے۔ اس وقت ریاست میں 80 سی ایم اسکول آف ایکسی لینس ہیں۔ بہت جلد ریاست میں مزید 80 سی ایم اسکول آف ایکسی لینس کھولے جائیں گے۔ وزیر نے کہا کہ تعلیم ایک ایسا راستہ ہے جس کے ذریعے نہ صرف غربت کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے بلکہ ملک اور معاشرے کی ترقی میں بھی کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر وزیر نے تعلیم اور صحت کے علاوہ نقل مکانی کو روکنے کے لیے کیے جانے والے کاموں کے بارے میں بتایا۔
