ہومWest Bengalخواتین کی نمائندگی میں ترنمول سب سے آگے

خواتین کی نمائندگی میں ترنمول سب سے آگے

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

وزیر اعلی ممتا بنرجی نے اعداد و شمار کے ساتھ بی جے پی کو آئینہ دکھایا

جدید بھارت نیوز سروس
نئی دہلی/کولکاتہ: خواتین ریزرویشن بل کے حوالے سے ملک میں سیاسی بیان بازی شدت اختیار کر گئی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے اپوزیشن پر تنقیدی بیان کے بعد مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے انتہائی افسوسناک قرار دیا ہے۔ممتا بنرجی نے اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے مسئلے کو سنجیدگی سے حل کرنے کے بجائے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ ترنمول کانگریس ہمیشہ سے خواتین کی سیاسی نمائندگی کی حامی رہی ہے۔ ان کے مطابق لوک سبھا میں پارٹی کے 37.9فیصد ارکان خواتین ہیں جبکہ راجیہ سبھا میں یہ شرح 46 فیصد تک پہنچتی ہے۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ ان کی جماعت نے کبھی بھی خواتین ریزرویشن کی مخالفت نہیں کی، اور نہ ہی اس سوال کا کوئی جواز ہے۔وزیر اعلیٰ نے اپنے بیان میں حلقہ بندی (ڈی لیمیٹیشن) کے عمل پر بھی سنگین اعتراضات اٹھائے اور الزام لگایا کہ مرکزی حکومت سیاسی فائدے کے لیے خواتین کے مسئلے کو استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترنمول کانگریس آئین میں کسی بھی ایسی تبدیلی کی مخالفت کرے گی جو وفاقی ڈھانچے اور ریاستی حقوق کو متاثر کرے۔ممتا بنرجی نے سوال اٹھایا کہ اگر حکومت واقعی خواتین کے حقوق کے لیے سنجیدہ تھی تو 28 ستمبر 2023 کو بل کی منظوری کے بعد اس پر فوری عمل درآمد کیوں نہیں کیا گیا؟ اور اب انتخابات کے دوران ہی اسے دوبارہ کیوں اٹھایا جا رہا ہے؟انہوں نے مزید کہا کہ ترنمول کانگریس خواتین کے حقوق کے لیے دہائیوں سے سرگرم ہے اور آئندہ بھی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، لیکن وہ کسی ایسی جماعت سے لیکچر قبول نہیں کرے گی جو ان کے مطابق جمہوری اقدار کو نظر انداز کرتی ہے۔اپنے بیان کے آخر میں ممتا بنرجی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ واقعی جوابدہی چاہتے ہیں تو پارلیمنٹ کے اندر خطاب کریں جہاں سوالات کا سامنا کرنا پڑے۔ انہوں نے مودی کے بیان کو ’’بزدلانہ، منافقانہ اور دوہرا معیار‘‘قرار دیتے ہوئے سخت سیاسی حملہ کیا۔اس بیان کے بعد ملک کی سیاست میں ایک بار پھر گرما گرمی بڑھ گئی ہے اور خواتین ریزرویشن کے مسئلے پر حکومتی و اپوزیشن خلیج مزید گہری ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.