کولکاتہ :مغربی بنگال کے نئے وزیر اعلیٰ شوبھندو ادھیکاری کے گھر ’’شانتی کنج‘‘ کے باہر اتوار کو زبردست ہجوم دیکھنے کو ملا۔ ایک دن پہلے ہی وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لینے کے بعد جب وہ اپنے آبائی گھر پہنچے تو بی جے پی کارکنوں اور حامیوں میں جشن کا ماحول بن گیا۔اتوار کی صبح سے ہی مشرقی مدنی پور کے شانتی کنج کے سامنے لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہونا شروع ہوگئی۔ سڑکیں لوگوں سے بھر گئیں۔ آس پاس کے گھروں کی چھتوں اور بالکونیوں پر بھی لوگ کھڑے ہو کر نئے وزیر اعلیٰ کی ایک جھلک دیکھنے کا انتظار کرتے رہے۔ ہر طرف موبائل فون سے ویڈیو اور تصویریں بنائی جا رہی تھیں۔حامی مختلف علاقوں سے خصوصی طور پر شوبھندو ادھیکاری سے ملنے آئے تھے۔ کچھ لوگ بھگوا جھنڈے لے کر پہنچے، تو کچھ مٹھائیاں تقسیم کرتے دکھائی دیے۔ ایک شخص کولکاتہ کے دم دم علاقے سے کانسی کا تیندوا لے کر آیا، جبکہ ایک خاتون شنخ لے کر استقبال کے لیے پہنچی۔ ہر طرف شوبھندو ادھیکاری زندہ باد کے نعرے لگ رہے تھے۔پولیس نے بھیڑ کو قابو میں رکھنے کے لیے بیریکیڈ لگانے کی تیاری کی تھی، لیکن شویندو ادھیکاری اور ان کے والد ششیر ادھیکاری نے ہدایت دی کہ عوام کو روکنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اس کے بعد لوگوں کو آزادانہ طور پر آنے دیا گیا۔دوپہر کے وقت شوبھندو ادھیکاری سفید پنجابی اور بھگوا پگڑی پہن کر شانتی کنج سے باہر نکلے۔ انہیں دیکھتے ہی ہجوم میں جوش بڑھ گیا۔ وزیراعلیٰ خود بھی لوگوں کے درمیان گھل مل گئے۔ وہ سخت سکیورٹی کے باوجود عوام کے درمیان سے گزرتے ہوئے اپنی گاڑی تک پہنچے۔ اس دوران انہوں نے کئی لوگوں سے ہاتھ ملایا اور مبارکباد قبول کی۔ ان کے ہاتھ میں کمل کا پھول بھی دیکھا گیا۔اس کے بعد شوبھندو ادھیکاری سیاہ ایس یو وی گاڑی میں کولکاتہ کے لیے روانہ ہوئے۔ راستے میں بھی مختلف مقامات پر لوگ ان کے استقبال کے لیے کھڑے رہے۔ کانتھی اور کولا گھاٹ سمیت کئی علاقوں میں وزیراعلیٰ نے گاڑی روک کر عوام سے ملاقات کی اور لوگوں کی مبارکبادیں قبول کیں۔شوبھندو ادھیکاری کی حلف برداری کے بعد ان کے گھر کے باہر جس طرح کا ماحول دیکھنے کو ملا، اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ بی جے پی کارکنوں اور حامیوں میں نئی حکومت کو لے کر کافی جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ شوبھندو ادھیکاری کے استقبال کے لیے ہزاروں لوگوں کی بھیڑ
مقالات ذات صلة
