ممتا بنرجی کا بھانگڑ ریلی میں سنگین الزام
جدید بھارت نیوز سروس
بھانگڑ:مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے درمیان سیاسی ماحول گرم ہوتا جا رہا ہے۔ ترنمول کانگریس کی سربراہ اور وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نےبھانگڑ میں ایک انتخابی ریلی کے دوران پارٹی امیدوار شوکت ملا کی سکیورٹی کو لے کر سخت ردعمل ظاہر کیا۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ شوکت ملا کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی ان کی سکیورٹی واپس لینا چاہتی ہے۔ ممتا نے واضح الفاظ میں کہا،اگر شوکت کو کچھ ہوا تو میں اسے برداشت نہیں کروں گی۔ ضرورت پڑی تو میری سکیورٹی لے کر اسے دے دی جائے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ شوکت ملا کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں اور کہا کہ بھانگڑ کے لوگوں کی جو بھی ضرورت ہوگی، میں اسے پورا کروں گی۔ممتا نے یہ بھی کہا کہ وہ کسی ایسی پارٹی کو ووٹ نہیں دیں گی جس کا بی جے پی سے کوئی تعلق ہو۔واضح رہے کہ 29 اپریل کو جنوبی 24 پرگنہ سمیت کئی علاقوں میں ووٹنگ ہونی ہے۔ اس سے پہلے ممتا بنرجی ضلع بھر میں مسلسل انتخابی مہم چلا رہی ہیں۔بھانگڑ، کیننگ ایسٹ اور کیننگ ویسٹ جیسے حلقوں میں وہ پارٹی امیدواروں کے حق میں جلسے کر رہی ہیں، لیکن بھانگڑ سیٹ پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔سیاسی مبصرین کے مطابق،بھانگڑ اس بار ایک اہم میدان جنگ بن چکا ہے، جہاں ترنمول کانگریس اپوزیشن سے یہ سیٹ واپس لینے کے لیے پوری طاقت لگا رہی ہے۔ شوکت ملا کو ایک مضبوط اور تجربہ کار لیڈر مانا جاتا ہے، اسی لیے پارٹی قیادت نے انہیں اس بار اہم ذمہ داری دی ہے۔ممتا بنرجی نے اپنے خطاب میں بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کے لیڈر بھاری سکیورٹی کے ساتھ گھومتے ہیں، لیکن ہمارے امیدوار کی حفاظت کم کی جا رہی ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ عوام کے ساتھ کھیلنے کی کوشش نہ کی جائے، ورنہ سخت جواب دیا جائے گا۔اب دیکھنا یہ ہے کہ ممتا بنرجی کی اس سخت مہم اور بیانات کا بھانگڑ کی سیٹ پر کیا اثر پڑتا ہے۔ اس کا فیصلہ 4 مئی کو ووٹوں کی گنتی کے دن سامنے آئے گا۔
