یا کے کے آر کا جادو چلے گا؟
رائے پور، 12 مئی (یواین آئی ) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2026 کے پلے آف کی دوڑ اب ایک ایسے نازک موڑ پر پہنچ چکی ہے جہاں ہر رن اور ہر وکٹ کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔ رائے پور کی تپتی گرمی میں بدھ کی شام ایک ایسا معرکہ متوقع ہے جو نہ صرف دو پوائنٹس کا فیصلہ کرے گا، بلکہ اس سیزن میں دونوں ٹیموں کے مستقبل کا رخ بھی طے کر دے گا۔رائل چیلنجرز بنگلورو اس سیزن میں اب تک ایک مکمل اور متوازن ٹیم کے طور پر ابھری ہے۔ 11 میچوں میں 7 فتوحات کے ساتھ وہ پلے آف کے بالکل دہانے پر کھڑے ہیں۔ ٹیم کی اس کامیابی کا محور ایک بار پھر وراٹ کوہلی ہیں، جو 379 رنز بنا کر ٹیم کی ‘دھڑکن‘ ثابت ہو رہے ہیں۔ کپتان رجت پاٹیدار درمیانی اوورز میں بے خوف بیٹنگ کر رہے ہیں، جبکہ ٹیم ڈیوڈ بطور فنشر حریف گیند بازوں کے لیے ڈراؤنا خواب بنے ہوئے ہیں۔ ممبئی انڈینز کے خلاف گزشتہ میچ میں کرونال پانڈیا کی 46 گیندوں پر 73 رنز کی اننگز نے ثابت کیا کہ یہ ٹیم دباؤ میں بکھرتی نہیں بلکہ نکھرتی ہے۔گیند بازی میں بھونیشور کمار اپنی پرانی فارم میں نظر آ رہے ہیں، جنہوں نے اپنی سوئنگ اور کنٹرول سے اب تک 21 شکار کیے ہیں۔دوسری جانب کولکتہ نائٹ رائیڈرز ہے، جس نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا ہے۔ لگاتار چار فتوحات نے انہیں ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے دہانے سے نکال کر دوبارہ دوڑ میں شامل کر دیا ہے۔نیوزی لینڈ کے اوپنر فِن ایلن نے دہلی کے خلاف ناقابلِ شکست سنچری بنا کر مخالف ٹیموں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ رائے پور کی وکٹ پر سنیل نارائن، ورون چکرورتی اور انوکول رائے کی مثلث آر سی بی کے بلے بازوں کے لیے بڑا امتحان ثابت ہو سکتی ہے۔ کیمرون گرین کی بڑھتی ہوئی فارم اور رنکو سنگھ کا فنشنگ ٹچ کے کے آر کو ایک خطرناک حریف بنا رہا ہے۔آئی پی ایل کی تاریخ 2008 میں انہی دو ٹیموں کے مقابلے سے شروع ہوئی تھی، اور آج 18 سال بعد بھی اس رقابت کی چمک برقرار ہے۔ ایک طرف دفاعی چیمپیئن کا وقار ہے، تو دوسری طرف کے کے آر کا وہ جنون جو انہیں کسی بھی معجزے کے لیے تیار رکھتا ہے۔شہید ویر نارائن سنگھ اسٹیڈیم میں جب یہ دونوں ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، تو شائقینِ کرکٹ کو ایک ایسا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا جہاں غلطی کی گنجائش نہ ہونے کے برابر ہے۔ کیا آر سی بی پلے آف میں اپنی جگہ پکی کر لے گی، یا کولکتہ کی جیت کا تسلسل برقرار رہے گا؟ اس کا فیصلہ بدھ کی رات میدانِ جنگ میں ہوگا۔
