راجشاہی، 25 اپریل (یو این آئی) گیندبازوں کی عمدہ کارکردگی کے بعد حسینی پریرا (95)، ایمیشا دلہانی (56) اور ہرشیتا سماراوکرما (ناٹ آؤٹ 44) کی شاندار اننگز کی بدولت سری لنکا کی خواتین ٹیم نے تیسرے ون ڈے میچ میں بنگلہ دیش کو 21 گیند پہلے سات وکٹ سے شکست دے دی اور تین میچوں کی سیریز 2-1 سے اپنے نام کر لی۔214 رن کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا نے 46.3 اوورز میں 3 وکٹ پر 214 رن اسکور کر کے آسان جیت حاصل کی۔ ابتدا اچھی نہ رہی اور پانچویں اوور میں کپتان چماری اٹاپٹو(10) آؤٹ ہو گئیں، جنہیں معروفہ اختر نے آؤٹ کیا۔اس کے بعد ایمیشا دلہانی اور حسینی پریرا نے اننگز کو سنبھالا اور دوسرے وکٹ کے لیے 108 رن کی اہم شراکت قائم کی۔ دلہانی نے 79 گیندوں پر 56 رن اسکور کیے۔ بعد میں 46ویں اوور میں شوبھنا موستاری نے 95 رن بنانے والی حسینی پریرا کو آؤٹ کیا، جو سنچری سے محروم رہیں۔ ہرشیتا سماراوکرما نے ناٹ آؤٹ 44 رن بنا کر ٹیم کو جیت تک پہنچایا۔
اس سے قبل بنگلہ دیش کی خواتین ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 8 وکٹ پر 213 رن بنائے۔ شوبھنا موستاری نے سب سے زیادہ 74 رن اسکور کیے، جبکہ نگار سلطانہ (40)، شرمین اختر (25)، ریتو مونی (20)، شرمین سلطانہ (17) اور فرغانہ حق (11) نے بھی تعاون دیا۔سری لنکا کی جانب سے کاویشا دلہاری نے تین وکٹ حاصل کیے، جبکہ نِیماشا میپیج نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ مالکی مدارا اور چماری اٹاپٹو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
