ہومSportsآئی پی ایل فائنل:احمد آباد میں سجے گا میدان

آئی پی ایل فائنل:احمد آباد میں سجے گا میدان

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

آر سی بی اور گجرات کی نظر دوسری بار خطاب جیتنے پر

احمد آباد، 30 مئی (یو این آئی) آئی پی ایل 2026 کا فائنل رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) اور گجرات ٹائٹنز (جی ٹی) کے درمیان کھیلا جائے گا۔ جی ٹی اپنے ہی ہوم گراؤنڈ احمد آباد میں اترے گی، جہاں اس کی جیت کا تناسب 63 فیصد ہے اور یہ ٹیم کا تیسرا آئی پی ایل فائنل ہے۔ اتفاق سے اس کے تینوں فائنل احمد آباد میں ہی کھیلے گئے ہیں۔ دوسری طرف آر سی بی کی سب سے بڑی طاقت اس کی اجتماعی کارکردگی رہی ہے۔ اس سیزن ٹیم کی 10 جیتوں میں 8 الگ الگ کھلاڑی ‘پلیئر آف دی میچ‘ بنے ہیں۔ آر سی بی نے کوالیفائر ایک میں جی ٹی کو بڑے فرق سے ہرایا تھا، اور اب جی ٹی کی ٹیم اس ہار کا بدلہ لیتے ہوئے اپنی دوسری ٹرافی حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔فائنل میں جی ٹی کی امیدیں ایک بار پھر راشد خان پر ٹکی ہوں گی، کیونکہ آر سی بی کے کئی اہم بلے باز ان کے خلاف جدوجہد کرتے نظر آئے ہیں۔ وراٹ کوہلی نے ٹی20 کرکٹ میں راشد کے خلاف 12 اننگز میں 131 رن بنائے ہیں، لیکن تین بار اپنی وکٹ بھی گنوائی ہے۔ دیودت پڈیکل کا ریکارڈ اس سے بھی کمزور رہا ہے؛ انہوں نے آئی پی ایل میں راشد کے سامنے نو اننگز میں صرف 40 رن بنائے ہیں اور پانچ بار آؤٹ ہوئے ہیں۔ ٹم ڈیوڈ بھی 17 ٹی20 اننگز میں راشد کے خلاف صرف 70 رن ہی بنا سکے ہیں، جبکہ تین بار آؤٹ ہوئے ہیں۔نئی گیند کے ساتھ آر سی بی کے لیے بھونیشور کمار سب سے بڑا ہتھیار ثابت ہو سکتے ہیں۔ جی ٹی کے دونوں اہم بلے بازوں کے خلاف ان کا ریکارڈ شاندار رہا ہے۔ شبھمن گل نے آئی پی ایل میں بھونیشور کے سامنے 14 اننگز میں صرف 80 رن بنائے ہیں اور چھ بار اپنی وکٹ گنوائی ہے، جبکہ ان کا اسٹرائیک ریٹ بھی محض 101 کا رہا ہے۔ وہیں جوس بٹلر کا ریکارڈ بھی زیادہ بہتر نہیں ہے؛ ٹی20 کرکٹ میں بٹلر نے بھونیشور کے خلاف 21 اننگز میں 123 رن بنائے ہیں، لیکن نو بار آؤٹ ہوئے ہیں۔آر سی بی کے اوپری آرڈر کے سامنے فائنل میں محمد سراج اور کگیسو رباڈا کی جوڑی بڑا چیلنج پیش کر سکتی ہے۔ ٹی20 کرکٹ میں کوہلی نے رباڈا کے سامنے 17 اننگز میں 131 رن بنائے ہیں، لیکن پانچ بار آؤٹ بھی ہوئے ہیں۔ وہیں پڈیکل کا ریکارڈ سراج کے خلاف بھی بہت مضبوط نہیں ہے؛ آئی پی ایل میں دونوں کے درمیان ہونے والے ٹکراؤ کی آٹھ اننگز میں پڈیکل نے 45 رن بنائے ہیں اور تین بار اپنی وکٹ گنوائی ہے۔آئی پی ایل پلے آف میں جوش ہیزل ووڈ نے صرف سات اننگز میں 14 وکٹیں حاصل کی ہیں اور ان کا اسٹرائیک ریٹ شاندار (11.6) رہا ہے۔ سات پلے آف اننگز میں وہ پانچ بار دو یا اس سے زیادہ وکٹیں لے چکے ہیں۔ سب سے دلچسپ ان کا فائنل کا ریکارڈ ہے؛ ہیزل ووڈ نے اب تک کھیلے گئے تمام پانچوں ٹی20 فائنل اور چاروں ون ڈے فائنل جیتے ہیں، جن میں آئی پی ایل کے دو فائنل بھی شامل ہیں۔ ایسے میں آر سی بی کو امید ہوگی کہ بڑے میچوں میں جیت دلانے کا ان کا یہ سنہرا سلسلہ احمد آباد میں بھی جاری رہے۔گل اور سائی سدرشن نے اس سیزن 15 اننگز میں 886 رن جوڑے ہیں، جو آئی پی ایل 2026 میں کسی بھی جوڑی کی جانب سے سب سے زیادہ ہیں۔ اس دوران ان کی اوسط 63.3 اور اسٹرائیک ریٹ 177 کا رہا ہے، جبکہ چار سنچری اور دو نصف سنچری شراکت داریاں بھی دیکھنے کو ملی ہیں۔ اس شراکت داری میں دونوں کا تعاون تقریباً برابر رہا ہے، لیکن گل نے 173 کے اسٹرائیک ریٹ سے 421 رن بنا کر تھوڑا زیادہ جارحانہ کردار ادا کیا ہے، جبکہ سائی نے 156 کے اسٹرائیک ریٹ سے 406 رن جوڑے ہیں۔ آر سی بی کے خلاف بھی یہ جوڑی تین اننگز میں 187 رن بنا چکی ہے اور احمد آباد میں تو ان کا ریکارڈ اور بھی شاندار ہے، جہاں 23 اننگز میں انہوں نے 1384 رن بنائے ہیں۔آئی پی ایل 2026 میں جب جب گل اور سدرشن کی جوڑی پانچویں اوور کے بعد تک کریز پر موجود رہی ہے، تب تب جی ٹی نے سات میں سے چھ میچ جیتے ہیں اور صرف ایک میں ہار کا سامنا کیا ہے۔
اس کے برعکس جب یہ شراکت داری پانچویں اوور سے پہلے ٹوٹ گئی، تب ٹیم کا ریکارڈ چار جیت اور چار ہار کا رہا ہے۔ یہ اعداد و شمار دکھاتے ہیں کہ جی ٹی کے لیے شروعاتی وکٹ کتنا بڑا فیکٹر ہے۔ فائنل میں آر سی بی کی کوشش نئی گیند سے گل یا سائی میں سے کسی ایک کو جلدی آؤٹ کرنے کی ہوگی ۔کوالیفائر 1 اور کوالیفائر 2 دونوں میں جيسن ہولڈر نے دو دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔ آئی پی ایل 2026 میں ہولڈر نے 10 اننگز میں 17 وکٹیں چٹکائی ہیں، جو آئی پی ایل کے کسی ایک سیزن میں ان کی بہترین کارکردگی ہے۔ ان کا اکانومی ریٹ 7.5 ہے، جو کم از کم 30 اوور پھینکنے والے گیند بازوں میں اس سیزن دوسرا بہترین ہے۔ سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ جب بھی ہولڈر نے دو یا اس سے زیادہ وکٹیں لیں، تب جی ٹی نے چھ میں سے پانچ میچ جیتے ہیں۔ احمد آباد میں ان کا ریکارڈ اور بھی خطرناک ہے، جہاں چار اننگز میں وہ نو وکٹیں لے چکے ہیں اور ان کا اسٹرائیک ریٹ صرف 9.3 کا ہے۔ آر سی بی کے خلاف بھی ان کے اعداد و شمار شاندار ہیں، جہاں انہوں نے 10 آئی پی ایل اننگز میں 16 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
کوہلی کا ایک اور شاندار سیزن
کوہلی نے آئی پی ایل 2026 میں ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ ان کی عمر بڑھ سکتی ہے، لیکن مستقل مزاجی میں کوئی کمی نہیں آتی۔ اس سیزن 15 اننگز میں 600 رن بنا کر انہوں نے آئی پی ایل میں چھٹی بار 600 سے زیادہ رنوں کا ہندسہ عبور کیا ہے۔ ساتھ ہی لگاتار چوتھے سیزن میں یہ کامیابی حاصل کرنے والے وہ پہلے بلے باز بن گئے ہیں۔ اس بار ان کی بلے بازی کی سب سے بڑی خصوصیت پاور پلے میں جارحیت رہی ہے، جہاں انہوں میں 168 کے اسٹرائیک ریٹ سے 325 رن بنائے ہیں۔ حالانکہ آئی پی ایل پلے آف میں ان کے مجموعی اعداد و شمار عام رہے ہیں، لیکن بڑے فائنل مقابلوں میں ان کا ریکارڈ کافی متاثر کن ہے۔ ٹی20 فائنل کی آٹھ اننگز میں انہوں نے 49.1 کی اوسط سے 344 رن بنائے ہیں، جس میں تین نصف سنچریاں شامل ہیں۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.