ہومSportsسی ایس کے جیت کی ہیٹرک کے ساتھ پلے آف کی طرف...

سی ایس کے جیت کی ہیٹرک کے ساتھ پلے آف کی طرف بڑھنا چاہے گی

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

ایل ایس جی کو جیتنے کے لیے سیمسن اور اوورٹن کو روکنا ہوگا

چنئی، 09 مئی (یو این آئی) اس سیزن کے مایوس کن آغاز کے بعد جیت کی راہ پر واپس لوٹتے ہوئے، پانچ بار کی چیمپئن چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) اپنی جیت کی لے کو برقرار رکھتے ہوئے پلے آف میں جگہ بنانے کی سمت ایک اور قدم آگے بڑھانے کے لیے بے تاب ہوگی۔ اتوار کو یہاں ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں ہونے والے آئی پی ایل میچ میں چنئی کا مقابلہ ٹیبل میں سب سے نیچے موجود لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی) سے ہوگا۔کل کے میچ کے لیے موسم کا کردار اہم نظر آ رہا ہے، کیونکہ شہر میں، جو اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے، آج صبح سے ہی مسلسل تیز بارش ہو رہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ یہ سلسلہ اگلے چند دنوں تک جاری رہ سکتا ہے۔دس میچوں میں دس پوائنٹس (5 جیت، 5 ہار) کے ساتھ، سی ایس کے گھریلو میدان کے فائدے پر بھروسہ کرتے ہوئے، ایک بار پھر اپنے ٹاپ آرڈر پر کافی حد تک منحصر رہے گی، جہاں سنجو سیمسن زبردست فارم میں چل رہے ہیں۔ اس سیزن میں اب تک ٹیم کے لیے دو سنچریاں بناکر آسٹریلوی کھلاڑی شین واٹسن کے ریکارڈ کی برابری کرتے ہوئے سنجو نے حالات کے مطابق اپنے بلے بازی کے طریقے میں تبدیلی کی ہے۔ کم اور مشکل اہداف کا تعاقب کرتے وقت، وہ درمیانی اووروں میں کھل کر کھیلنے سے پہلے، اسٹرائیک روٹیٹ کرنے پر زیادہ توجہ دیتے ہیں۔ اس سے نہ صرف سی ایس کے کو اپنی وکٹیں محفوظ رکھنے میں مدد ملی، بلکہ اننگز کے آخری لمحات میں ٹیم کو کھل کر کھیلنے کا موقع بھی ملا۔کپتان رتوراج گائیکواڑ نے دو نصف سنچریاں ضرور بنائی ہیں، لیکن وہ اب بھی جدوجہد کرتے نظر آ رہے ہیں۔ ٹورنامنٹ کے اس فیصلہ کن موڑ پر ان کا فارم میں آنا سی ایس کے کے لیے بے حد اہم ہے۔ مڈل آرڈر میں سرفراز خان، شیوم دوبے اور ڈیوالڈ بریوس جیسے کھلاڑی ٹیم کو مضبوطی فراہم کرتے ہیں۔ وہیں، گیند بازی کے شعبے میں میڈیم تیزگیندباز انشل کمبوج (جو پرپل کیپ کی دوڑ میں شامل رہے ہیں) اور مکیش چودھری نے ابتدائی اووروں میں کامیابی دلائی ہے۔ بائیں ہاتھ کے اسپنر عقیل حسین اور نور احمد نے بھی رنز روک کر ٹیم کو فائدہ پہنچایا ہے۔دوسری طرف، ایل ایس جی 10 میچوں میں صرف تین جیت کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں سب سے نیچے ہے، حالانکہ گزشتہ میچ میں آر سی بی کے خلاف ملی جیت سے ان کے حوصلے بلند ہیں۔ ایل ایس جی کے پلے آف میں پہنچنے کے امکانات بہت کم ہیں، کیونکہ انہیں نہ صرف اپنے باقی تمام میچ جیتنے ہوں گے بلکہ رن ریٹ میں بھی بڑی بہتری لانی ہوگی۔ اوپنر مچل مارش کی شاندار سنچری کی بدولت ٹیم نے گزشتہ میچ میں 209 رنز بنائے تھے اور آر سی بی کو شکست دی تھی۔ نکولس پورن، کپتان رشبھ پنت اور ایڈن مارکرم کو اب درمیانی اور آخری اووروں میں ٹیم کو مزید استحکام دینا ہوگا۔گیند بازی میں محمد شامی اور پرنس یادو کی قیادت میں ٹیم مسلسل وکٹیں لے رہی ہے، لیکن انہیں حریف ٹیم کی رنز بنانے کی رفتار پر لگام لگانے کے لیے حکمت عملی میں تبدیلی کرنی ہوگی۔ اگر موسم نے ساتھ دیا تو ایک دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو مل سکتا ہے، جہاں سی ایس کے اپنی جیت کا سلسلہ برقرار رکھنا چاہے گی اور ایل ایس جی اپنی ساکھ بچانے کی کوشش کرے گی۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.