دبئی، 6 مئی (یو این آئی) ابھیشیک شرما بدھ کو جاری ہونے والی تازہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ٹی20 انٹرنیشنل پلیئر رینکنگ میں بدستور پہلے نمبر پر برقرار ہیں۔ابھیشیک 875 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں، جبکہ ایشان کشن 871 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے مقام پر موجود ہیں۔ ٹاپ 10 میں ہندوستان کے تلک ورما چھٹے نمبر (742 پوائنٹس) اور ٹی20 کپتان سوریا کمار یادو ساتویں نمبر (722 پوائنٹس) پر ہیں۔دوسری جانب بنگلہ دیش کے کئی وائٹ بال کھلاڑی تازہ رینکنگ میں فائدہ اٹھانے والوں میں شامل رہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے حال ہی میں نیوزی لینڈ کے خلاف تین میچوں کی ٹی20 سیریز 1-1 سے برابر کی تھی۔سیریز کے بہترین کھلاڑی توحید ہردوئے نے دو اننگز میں 84 رنز بنانے کے بعد دو درجے ترقی کر کے ٹی20 بلے بازوں کی فہرست میں 37واں مقام حاصل کر لیا۔ بنگلہ دیشی کپتان لٹن داس بھی ایک درجہ ترقی کے ساتھ 52ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ٹی20 بولرز کی رینکنگ میں بھی بنگلہ دیش کے مہدی حسن ایک درجہ ترقی کے بعد 17ویں جبکہ شریف الاسلام نو درجے ترقی کے ساتھ 54ویں مقام پر پہنچ گئے۔نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے بین سیئرز 10 درجے ترقی کر کے 51ویں نمبر پر پہنچ گئے، جبکہ ایش سودھی چار درجے ترقی کے بعد مشترکہ طور پر 88ویں مقام پر آ گئے۔ون ڈے رینکنگ میں بھی تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں۔ عمان کے اوپنر جتیندر سنگھ سات درجے ترقی کے ساتھ 65ویں نمبر پر پہنچ گئے، جبکہ ان کے ساتھی شکیل احمد بولرز کی فہرست میں نو درجے ترقی کر کے 31ویں نمبر پر آ گئے۔نیپال کے آل راؤنڈر دیپیندر سنگھ ایری نے بھی 12 درجے ترقی کر کے ون ڈے آل راؤنڈرز کی فہرست میں 31واں مقام حاصل کر لیا۔
