نینی تال، 16 اپریل (یو این آئی) ہلدوانی فسادات کے مرکزی ملزم عبد الملک کو جمعرات کے روز اتراکھنڈ ہائی کورٹ سے بڑی راحت ملی ہے۔ ہائی کورٹ نے تینوں مقدمات میں ملزم کو ضمانت دے دی ہے۔ہلدوانی کے بنبھول پورہ فساد معاملے میں ملزم کے خلاف تین الگ الگ مقدمات درج ہیں۔ ملزم کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون (یو اے پی اے) کے تحت بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ وہ گزشتہ دو برس سے جیل میں بند ہے۔ ہلدوانی کی سیشن عدالت نے 6 فروری 2025 کو ملزم کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔اس کے بعد ملزم کی جانب سے سیشن عدالت کے فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل دائر کر کے ضمانت کی درخواست کی گئی۔ تینوں اپیلوں پر آج جسٹس آلوک کمار ورما اور جسٹس آلوک مہرا کی بنچ نے ایک ساتھ سماعت کی۔ملزم کی طرف سے کہا گیا کہ اس پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں اور وہ واقعہ کے دن موقع پر موجود نہیں تھا۔ وہ دو سال سے زائد عرصے سے جیل میں بند ہے۔ تفتیشی ٹیم کی جانب سے چارج شیٹ بھی داخل کی جا چکی ہے، اس لیے شواہد کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا کوئی امکان نہیں ہے۔ مزید یہ کہ تمام شریک ملزمان کو بھی ضمانت مل چکی ہے۔دوسری طرف استغاثہ نے ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ملزم مرکزی سازش کار ہے اور وہ جان بوجھ کر واقعہ کے دن باہر چلا گیا تھا۔ واقعہ سے قبل 30 جنوری 2024 کو اس کے گھر پر سازش کے تحت میٹنگ کی گئی تھی۔ملزم کے وکلاء وکاس گوگلانی اور منپریت سنگھ اجمانی نے بتایا کہ آخر میں عدالت نے دونوں فریقوں کے دلائل سننے کے بعد ملزم کو تینوں مقدمات میں شرائط کے ساتھ ضمانت دے دی۔
