ہومJharkhandزیر تربیت افسران نے جھارکھنڈ اسمبلی کا کیا تعلیمی دورہ اسپیکر سے...

زیر تربیت افسران نے جھارکھنڈ اسمبلی کا کیا تعلیمی دورہ اسپیکر سے کی ملاقات

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

عوامی نمائندوں کا احترام اور انتظامی توازن کامیابی کی کنجی ہے: اسپیکر

جدید بھارت نیوز سروس
رانچی،25؍اپریل: جھارکھنڈ فنانس سروس اور کوآپریٹو سروس کے پروبیشنری افسران نے آج جھارکھنڈ اسمبلی کا تعلیمی دورہ کیا۔ انہوں نے جھارکھنڈ اسمبلی کے ہال، لائبریری روم اور دیگر تمام اہم مقامات کا دورہ کیا اور یہ جانا کہ اسمبلی اجلاس کے دوران کس طرح کام کرتی ہے اور اسمبلی میں کمیٹیاں کس طرح چلائی جاتی ہیں۔پروبیشنری افسران نے اسپیکر سے خیر سگالی ملاقات کی۔ اسپیکر نے تمام زیر تربیت افسران سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ تربیت کے بعد آپ سبھی فیلڈ میں مختلف اہم عہدوں پر کام کریں گے، جہاں آپ کو عوامی نمائندوں، ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی اور دیگر سیاست دانوں کے ساتھ ہم آہنگی قائم کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی کاموں میں توازن، مکالمہ اور اخلاق و آداب انتہائی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔مزید برآں، انہوں نے “Warrant of Precedence” کے تحت ریاست کے پروٹوکول اور عہدہ جاتی ترتیب (Hierarchy) کے بارے میں بھی معلومات دی۔ انہوں نے کہا کہ افسران کو عوامی نمائندوں کے ساتھ احترام والاسلوک کرنا چاہیے، ان کی باتوں کو صبر کے ساتھ سننا چاہیے اور قواعد کے مطابق فوری کارروائی کو یقینی بنانا چاہیے۔ سرکاری پروگراموں اور تقریبات میں عوامی نمائندوں کو احترام کے ساتھ مدعو کرنا اور ان کے تئیں مناسب آداب کی پاسداری کرنا بھی آپ کی ذمہ داری ہے۔ اسپیکر نے پروبیشنری افسران کو پارلیمانی نظام میں استحقاق (Privilege) اور پروٹوکول کے سلسلے میں انتظامات کو بھی واضح کیا۔اس موقع پر انہوں نے پروبیشنری افسران کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ “میں آپ کے والدین کو بھی مبارکباد دیتا ہوں، آج آپ کہیں نہ کہیں ان کی وجہ سے یہ مقام حاصل کر سکے ہیں۔” انہوں نے توقع ظاہر کی کہ آپ اپنے فرائض کی انجام دہی پوری ایمانداری، شفافیت اور حساسیت کے ساتھ کریں گے تاکہ آپ کا انتظامی نقطہ نظر اور انتظامی مہارت جھارکھنڈ کو مزید بلندیوں پر لے جانے میں کامیاب ثابت ہو۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.