سوتے ہوئے خاندان پر کلہاڑی سے وار کیا، واردات کے بعد خود ہی پولیس کو فون کر دیا
جدید بھارت نیوز سروس
جمشید پور، 12 مئی:۔ ٹاٹا اسٹیل کے ریٹائرڈ ملازم رویندر سنگھ (61) نے پیر کی علی الصبح سدگوڑہ تھانہ علاقے کے ایگریکو روڈ نمبر 2 میں اپنے ہی خاندان کو بے دردی سے ختم کر دیا۔ ملزم نے اپنی 55 سالہ اہلیہ سریتا سنگھ، 31 سالہ بیٹی سپریا سنگھ اور 28 سالہ بیٹے رویکیش پر اس وقت کلہاڑی اور ہتھوڑے سے حملہ کیا جب وہ گہری نیند میں تھے۔ دل دہلا دینے والی بات یہ ہے کہ مقتولہ سپریا شادی شدہ تھی اور تین ماہ کی حاملہ تھی۔ پولیس کے مطابق ملزم نے صبح تقریباً 4 بجے اس خونی کھیل کو انجام دیا اور فرار ہونے کے بجائے خود پولیس کو فون کر کے واقعے کی اطلاع دی۔ جب پولیس کواٹر نمبر L 5-13 پہنچی تو کمرے میں چاروں طرف خون پھیلا ہوا تھا اور ملزم وہیں موجود تھا۔ اے ایس پی رشبھ دویدی نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں ملزم کا ذہنی توازن درست نہ ہونا سامنے آیا ہے، حالانکہ اتوار کی رات تک اہل خانہ اور پڑوسیوں کے مطابق سب کچھ معمول پر تھا۔ مقامی لوگوں اور رشتہ داروں کے لیے یہ واقعہ کسی بڑے صدمے سے کم نہیں ہے کیونکہ رات گئے تک خاندان کے ارکان دوسروں سے ہنسی خوشی بات کر رہے تھے۔ پولیس اور فارنسک ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور تینوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ ملزم کو حراست میں لے کر مزید تفتیش کی جا رہی ہے تاکہ قتل کی اصل وجہ اور حالات کا مکمل تعین کیا جا سکے۔
