صحافت جمہوریت کا چوتھا ستون ہے، ان کی فلاح و بہبود حکومت کی ترجیح ہے: ڈاکٹر عرفان انصاری
جدید بھارت نیوز سروس
جامتاڑا، 12 مئی: ریاست کے وزیر صحت ڈاکٹر عرفان انصاری نے جھارکھنڈ کے تمام صحافیوں کے لیے ہیلتھ انشورنس (طبی بیمہ) کی سہولت فراہم کرنے کا بڑا اعلان کیا ہے۔ پیر کے روز اپنے انتخابی حلقہ جامتاڑا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرے کو درست معلومات فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے ان کی صحت اور سلامتی کا خیال رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ وزیر صحت نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت ریاست کے تمام تسلیم شدہ اور فعال صحافیوں کے ساتھ ساتھ ان کے اہل خانہ کو بھی طبی سہولیات فراہم کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکثر صحافی معاشی مشکلات کے باوجود اپنی خدمات انجام دیتے ہیں اور بیماری کی صورت میں انہیں بھاری اخراجات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جسے مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔ ڈاکٹر عرفان انصاری کے مطابق محکمہ صحت جلد ہی اس اسکیم کا خاکہ تیار کر کے ضروری ہدایات جاری کرے گا۔ اس اسکیم کے تحت سنگین بیماریوں کے علاج میں بھی مالی مدد دی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس مقصد کے لیے تمام اضلاع کے ڈی سی (ڈپٹی کمشنرز) کے ذریعے صحافیوں کی فہرست طلب کی جا رہی ہے تاکہ جلد از جلد اس منصوبے پر عمل درآمد شروع کیا جا سکے۔
