جدید بھارت نیوز سروس
چترا،30؍مئی: چترا مہیلا تھانہ کی تاریخ میں ہفتہ کے روز ایک نیا باب جڑ گیا۔ مہیلا پولیس سب انسپکٹر فردوس ناز نے مہیلا تھانہ کی دسویں تھانہ انچارج کے طور پر چارج سنبھالا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے مہیلا تھانہ کی پہلی مسلم خاتون تھانہ انچارج بننے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا ہے۔ انہوں نے سبکدوش ہونے والی تھانہ انچارج سشما کماری سے باضابطہ طور پر چارج لے کر اپنے دورِ کار کا آغاز کیا۔چارج سنبھالنے کے بعد تھانہ کے احاطے میں منعقدہ ایک مختصر پروگرام میں فردوس ناز نے کہا کہ خواتین کا تحفظ، احترام اور انصاف کو یقینی بنانا ان کی اولین ترجیح ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ خواتین پر ظلم و ستم، گھریلو تشدد، جہیز کے لیے ہراسانی اور خواتین سے جڑے دیگر معاملات کا فوری اور غیر جانبدارانہ تصفیہ یقینی بنایا جائے گا۔ تھانے پہنچنے والی ہر متاثرہ خاتون کی شکایت کو سنجیدگی سے سنا جائے گا اور حقائق کی بنیاد پر جانچ کر کے قصورواروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مہیلا تھانہ صرف شکایت درج کرنے کا مرکز نہیں، بلکہ خواتین کو انصاف اور تحفظ کا بھروسہ دلانے والاادارہ ہے۔ ان کی کوشش ہوگی کہ تھانے آنے والی ہر خاتون کو ہمدردانہ سلوک اور فوری انصاف ملے۔ انہوں نے ضلع کی خواتین اور نوجوان لڑکیوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قسم کی ہراسانی، تشدد یا ظلم کی صورت میں بنا کسی خوف یا جھجک کے مہیلا تھانہ پہنچ کر اپنی شکایت درج کرائیں۔ پولیس ان کے تحفظ اور حقوق کی دفاع کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔قابلِ ذکر ہے کہ سبکدوش ہونے والی تھانہ انچارج سشما کماری نے 26 فروری 2024 سے 30 مئی 2026 تک مہیلا تھانہ کی ذمہ داری سنبھالی۔ اپنے دورِ کار کے دوران انہوں نے خواتین کے تحفظ اور عوامی تعاون کے شعبے میں اہم خدمات انجام دیں۔ ان کے تبادلے کے بعد فردوس ناز کو یہ اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے۔فردوس ناز اس سے قبل صدر تھانہ، چترا میں تعینات تھیں اور اپنی کام کی مہارت، ڈسپلن اور عوامی طرزِ عمل کے لیے جانی جاتی ہیں۔ ان کے چارج سنبھالنے پر تھانہ کے احاطے میں ایک استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں صدر تھانہ انچارج اودھیش سنگھ، ایس آئی راہول سنگھ سمیت پولیس افسران اور اہلکاروں نے انہیں گلدستے پیش کر کے مبارکباد دی۔مہیلا تھانہ کی کمان سنبھالنے کے ساتھ ہی ضلع کی خواتین میں انصاف اور تحفظ کو لے کر ایک نئی امید جاگی ہے۔ پولیس محکمے کو بھی پورا یقین ہے کہ فردوس ناز کی قیادت میں مہیلا تھانہ خواتین کے حقوق کے تحفظ اور جرائم پر قابو پانے کے شعبے میں مزید مؤثر کردار ادا کرے گا۔
