ہومJharkhandدیوگھر سے پروازیں بند کرنے کی تجویز پر عرفان انصاری کا اعتراض

دیوگھر سے پروازیں بند کرنے کی تجویز پر عرفان انصاری کا اعتراض

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

عقیدت مندوں کی سہولت کے پیش نظر پروازی خدمات برقرار رکھنے کا مطالبہ

جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 30 جون:۔ جھارکھنڈ کے وزیر صحت عرفان انصاری نے دیوگھر ہوائی اڈے سے پروازی خدمات بند کیے جانے کی خبروں پر سخت اعتراض ظاہر کرتے ہوئے مرکزی وزیر شہری ہوابازی کنجاراپو رام موہن نائیڈو کو مکتوب روانہ کیا ہے۔ انہوں نے اس فیصلے کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بابا بیدیاناتھ دھام ملک کے اہم ترین مذہبی مقامات میں شمار ہوتا ہے، جہاں ہر سال کروڑوں عقیدت مند حاضری دیتے ہیں۔
وزیراعظم سے مداخلت کی اپیل
عرفان انصاری نے اپنے مکتوب میں کہا کہ خصوصاً ماہِ شراون کے دوران عقیدت مندوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے، ایسے میں پروازی خدمات میں کمی یا ان کی بندش سے زائرین کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان کے مطابق اس سے سفر مہنگا ہونے کے ساتھ وقت کا ضیاع بھی بڑھے گا، جبکہ ضرورت اضافی پروازیں شروع کرنے کی تھی، نہ کہ موجودہ خدمات ختم کرنے کی۔
تحریک چلانے کا بھی انتباہ
وزیر صحت نے مرکزی وزیر کے ساتھ ساتھ وزیراعظم سے بھی اس معاملے میں براہِ راست مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ دیوگھر کی تمام موجودہ پروازیں بدستور جاری رکھی جائیں اور عقیدت مندوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھتے ہوئے نئی پروازوں کا بھی آغاز کیا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے اپنا فیصلہ واپس نہ لیا تو زائرین کے مفاد میں عوامی تحریک کا راستہ بھی اختیار کیا جا سکتا ہے، تاہم امید ظاہر کی کہ مرکزی حکومت عوامی جذبات کا احترام کرتے ہوئے مناسب فیصلہ کرے گی۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.