آرگینک کھیتی پر 370کروڑ روپے خرچ کرے گی جھارکھنڈ سرکار، کابینہ کی میٹنگ میں 39 تجاویز کو منظوری
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 27 مئی:۔ جھارکھنڈ حکومت کی کابینہ میٹنگ میں مختلف محکموں سے جڑے کل 39 اہم ترین مطالبات اور تجاویز پر تفصیلی بحث کے بعد انہیں منظوری دے دی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کی صدارت میں منعقدہ اس اجلاس میں سرکاری ملازمین اور پنشن ہولڈرز کے مہنگائی بھتے میں اضافہ، صحت خدمات کی توسیع، آرگینک کھیتی، مویشی پالن، ہنر مندی کی ترقی اور انتظامی اصلاحات سے متعلق کئی تاریخی فیصلے لیے گئے ہیں۔
سرکاری ملازمین کے ڈی اے میں اضافہ
کابینہ نے ساتویں مرکزی تنخواہ سکیل کے تحت کام کرنے والے سرکاری ملازمین اور پنشنرز کے مہنگائی بھتے (ڈی اے) اور مہنگائی راحت (ڈی آر) کو 58 فیصد سے بڑھا کر 60 فیصد کرنے کی منظوری دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی چھٹے تنخواہ سکیل کے ملازمین کے لیے اسے 257 فیصد سے بڑھا کر 262 فیصد اور پانچویں تنخواہ سکیل کے ملازمین کے لیے 474 فیصد سے بڑھا کر 483 فیصد کر دیا گیا ہے، جس سے ملازمین کی تنخواہوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
’ابوا دواخانہ اسکیم ‘ اور جونیئر ڈاکٹروں کو راحت
ریاست میں صحت کی خدمات کو گاؤں کی سطح تک مضبوط کرنے کے لیے حکومت نے ‘ابوا دواخانہ اسکیم ‘ کو منظوری دی ہے۔ ان مراکز میں ایلوپیتھی، آیوروید، ہومیوپیتھی، یونانی اور سدھا طریقوں سے علاج کی سہولت ایک ہی چھت کے نیچے دستیاب ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی پی ایم آیشمان بھارت ہیلتھ انفراسٹرکچر مشن اور نیشنل ہیلتھ مشن کی مدت 30 ستمبر 2026 تک بڑھا دی گئی ہے۔ حکومت نے میڈیکل کالجوں اور ہسپتالوں میں ملازمت کر رہے جونیئر رزیڈنٹ ڈاکٹروں اور انٹرنز کے وظیفے (اسٹائپنڈ) میں ترمیم کو بھی منظوری دی ہے، جبکہ جھارکھنڈ میڈیکل ایجوکیشن سروسز 2026 کی تشکیل کو بعد از وقت منظوری (گھٹنوتر سویکرتی) دی گئی ہے۔
آرگینک کھیتی، منشیات کے خلاف انعام
حکومت نے ریاست میں 1.05 لاکھ ہیکٹر رقبے پر نامیاتی (آرگینک) کھیتی کے سرٹیفیکیشن کی اسکیم کو منظوری دی ہے۔ یہ اسکیم مالیاتی سال 2026-27 سے 2030-31 تک تین مراحل میں نافذ ہوگی، جس پر کل 3 ارب 70 کروڑ 12 لاکھ 500 روپے خرچ کیے جائیں گے۔ این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت غیر قانونی منشیات کی اسمگلنگ اور پیداوار کی اطلاع دینے والوں کے لیے ایک نئی تعریفی پالیسی کو منظوری دی گئی ہے، جس کے تحت معلومات فراہم کرنے والے شہریوں اور لیول-13 تک کے سرکاری ملازمین کو 3 ہزار روپے سے لے کر 2 لاکھ روپے سے زائد تک کا انعام دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ 60 سال سے زیادہ عمر کے بزرگ، شدید بیمار اور معذور فنکاروں کو 4 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دینے کی اسکیم کو آسان بنایا گیا ہے، جس کے لیے فنکار کی ماہانہ آمدنی 8 ہزار روپے سے کم ہونا لازمی ہے۔
تاجروں کے لیے ’ایز آف ڈوئنگ بزنس ‘
تاجروں کو بڑی راحت دیتے ہوئے پٹرول، ڈیژل اور شراب کے ریٹیلرز کو سہ ماہی ریٹرن اور ماہانہ ایبسٹریکٹ فائل کرنے کی پابندی سے مستثنیٰ کر دیا گیا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ان اشیاء پر ویٹ (VAT) کی ادائیگی خریداری کے وقت ہی ہو جاتی ہے، اس لیے یہ فیصلہ تجارتی آسانی کو فروغ دینے کے لیے کیا گیا ہے۔ بازآبادکاری پالیسی کے تحت بے گھر افراد کو الاٹ کی گئی زمین اور عوامی استعمال کے لیے عطیہ کی گئی زمین کی دستاویزات پر اسٹیمپ ڈیوٹی اور رجسٹریشن فیس بھی معاف کر دی گئی ہے۔
دمکا ہوائی اڈے سے پرواز شروع ہوگی
دمکا ہوائی اڈے سے باقاعدہ پروازوں کے آغاز کے لیے انڈین میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ معاہدے کو منظوری دی گئی ہے، جبکہ کھونٹی ضلع میں لودھما-فسکا لنک ریل لائن کی تعمیر کے لیے ساؤتھ ایسٹرن ریلوے کو 11.635 ایکڑ زمین منتقل کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ دہلی میں واقع جھارکھنڈ بھون اور نیو جھارکھنڈ بھون کے کمروں کے کرایوں میں بھی ترمیم کی گئی ہے۔ پنچایتی راج کے لیے پانچویں ریاستی مالیاتی کمیشن کی سفارشات کے تحت 244.80 کروڑ روپے ضلع پریشدوں کے کھاتوں میں منتقل کیے جائیں گے۔ مزید برآں، جھارکھنڈ سینڈ مائننگ امینڈمنٹ رولز 2026 اور مائنز اینڈ منرل مینجمنٹ سسٹم ورژن 2.0 کو بھی منظوری دی گئی ہے۔
