جدید بھارت نیوز سروس
پلاموں،25؍اپریل: ضلع کے ریہلا تھانہ علاقے کے کدھون میں ایک ہائیوا نے اسکول کے دو بچوں کو ٹکر مار دی اور بس کے خلاصی کو کچل ڈالا، جس سے اس کی موت ہوگئی۔ جبکہ اسکول کے بچے بال بال بچ گئے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ہائیوا کو ضبط کر لیا ہے اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔حادثہ اس وقت پیش آیا جب ریہلا تھانہ علاقے کے کدھون میں اسکولی بس میں بچے چڑھ رہے تھے۔ اسی دوران ایک تیز رفتار ہائیوا وہاں پہنچا اور اسکول بس کو ٹکر مار دی۔ ٹکر مارنے کے دوران، بچوں کو بس میں چڑھا رہے خلاصی نور محمد کو ہائیوا نے کچل دیا۔ اس واقعے میں نور محمد شدید زخمی ہو گئے تھے، انہیں علاج کے لیے میدنی رائے میڈیکل کالج اور اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ تاہم راحت کی بات یہ رہی کہ حادثے میں کوئی بھی اسکولی بچہ زخمی نہیں ہوا۔ریہلا تھانہ انچارج گلشن بروا نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہائیوا کو ضبط کر لیا گیا ہے اور معاملے کی مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ مقتول نور محمد کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہے۔
