دیہاتیوں کا دھاوا، 3 لڑکیوں سمیت 6 افراد قابل اعتراض حالت میں پکڑے گئے
جدید بھارت نیوز سروس
جمشیدپور،10؍مئی: مشرقی سنگھ بھوم ضلع کے بوڑام تھانہ علاقے میں واقع ڈمنا کا مشہور ’لیک ویو ہوٹل اینڈ ریزورٹ‘ایک بار پھر تنازعات کی زد میں ہے۔ اتوار کے روز اس وقت علاقے میں کھلبلی مچ گئی جب درجنوں دیہاتی ہتھیاروں کے ساتھ ریزورٹ کے احاطے میں پہنچ گئے اور وہاں موجود 3 لڑکیوں سمیت 6 افراد کو قابل اعتراض حالت میں پکڑ لیا۔ دیہاتیوں کا الزام ہے کہ ریزورٹ میں طویل عرصے سے غیر اخلاقی سرگرمیاں اور مبینہ جسم فروشی کا دھندہ چل رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جس طرح شہروں میں ہوٹل کلچر کو لے کر سوالات اٹھتے رہے ہیں، اسی طرز پر یہ ریزورٹ دیہی علاقے میں چلایا جا رہا ہے۔ اسی شک کی بنیاد پر دیہاتیوں نے ریزورٹ میں چھاپہ مارا۔واقعے کے بعد دیہاتیوں نے تمام افراد کو یرغمال بنا لیا اور ریزورٹ کے احاطے میں زبردست ہنگامہ کیا۔ اس دوران دیہاتیوں کے اچانک پہنچنے سے احاطے میں افراتفری مچ گئی اور صورتحال کشیدہ ہوگئی۔ادھر اطلاع ملنے کے بعد پولیس موقع پر پہنچی اور معاملے کو پرامن کرایا۔ اس دوران دیہاتیوں نے ریزورٹ کے احاطے میں جم کر احتجاج بھی کیا اور مبینہ پتنجلی سینٹرکو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ دیہاتیوں کا کہنا تھا کہ ریزورٹ غیر قانونی کاموں کا اڈہ بن گیا ہے۔ ہر روز یہاں باہر سے نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کی آمد و رفت لگی رہتی ہے۔ یہاں بند کمروں میں غلط سرگرمیاں ہو رہی ہیں، جسے دیہاتی برداشت نہیں کریں گے۔ ان کا الزام ہے کہ یوگا اور پتنجلی مرکز کی آڑ میں غیر قانونی سرگرمیوں کو تحفظ دیا جا رہا ہے۔قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے بھی یہ ریزورٹ مشکوک سرگرمیوں اور مبینہ جسم فروشی کو لے کر کئی بار سرخیوں میں رہ چکا ہے۔
فی الحال پولیس نے پکڑے گئے نوجوانوں اور لڑکیوں سے پوچھ گچھ شروع کر دی ہے اور پورے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔
