ہومJharkhandخواتین کے خلاف جرائم گہری سماجی ناانصافی کا نتیجہ

خواتین کے خلاف جرائم گہری سماجی ناانصافی کا نتیجہ

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

ڈائن بساہی محض توہم پرستی نہیں بلکہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے

جسٹس وکرم ناتھ اور جسٹس احسن الدین امان اللہ نے جوڈیشل اکیڈمی میں فوری انصاف کی ضرورت پر روشنی ڈالی

جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 25 اپریل:۔ سپریم کورٹ کے جسٹس اور قومی قانونی خدمات اتھارٹی (NALSA) کے ایگزیکٹو چیئرمین جسٹس وکرم ناتھ نے کہا ہے کہ خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم معاشرے کے گہرے ڈھانچہ جاتی مسائل کا نتیجہ ہیں، جہاں تشدد کو معمول تسلیم کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ آئین کی دفعات 14، 15 اور 21 خواتین کو برابری اور وقار کے ساتھ جینے کا حق دیتی ہیں، لیکن ان حقوق اور ان پر عمل درآمد کے درمیان اب بھی ایک بڑا خلیج حائل ہے۔
ڈائن پرتھا غیر انسانی
جھارکھنڈ جوڈیشل اکیڈمی کے ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام آڈیٹوریم میں منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس وکرم ناتھ نے جھارکھنڈ میں رائج ‘ڈائن پرتھا ‘ (جادو ٹونا کے نام پر تشدد) کو غیر انسانی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ محض توہم پرستی نہیں بلکہ سماجی عدم مساوات اور پدرانہ نظام سے جڑا ہوا مسئلہ ہے۔ اس پر قابو پانے کے لیے تعلیم، صحت کی سہولیات اور معاشرے میں حساسیت پیدا کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو ہراساں کرنے والی ایسی تمام فرسودہ روایات کا جڑ سے خاتمہ ضروری ہے۔
موب لنچنگ اور قانونی رہنمائی
پروگرام کے مہمان خصوصی جسٹس احسن الدین امان اللہ نے ‘موب لنچنگ ‘ کے حوالے سے سپریم کورٹ کی ہدایات کا تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ضلعی سطح پر قانونی ادارے فعال طریقے سے کام کریں اور اعلیٰ عدالتوں کی گائیڈ لائنز پر صحیح معنوں میں عمل درآمد ہو، تو ایسے واقعات میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے اداروں کی غیر جانبداری اور زیر التواء مقدمات کے فوری نمٹارے پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ “فائر فائٹنگ” کے روایتی تصور کو بدل کر صحیح جگہ پر صحیح اہلکار کی تعیناتی سے انصاف کی فراہمی تیز ہو سکتی ہے۔
متاثرین کی بازآبادکاری کی اہمیت
تقریب میں اس بات پر خصوصی زور دیا گیا کہ انصاف صرف مجرم کو سزا دینے تک محدود نہیں ہونا چاہیے، بلکہ متاثرین کی بحالی اور بازآبادکاری اس کا مرکز ہونا چاہیے۔ قانونی خدمات کے اداروں کو گاؤں کی سطح تک پہنچ کر متاثرین کو معاوضہ، قانونی امداد اور آگاہی فراہم کرنی چاہیے۔ اس موقع پر حادثات کے متاثرین اور کینسر کی مریضہ سمیت مختلف فلاحی اداروں سے وابستہ خواتین میں امدادی رقوم بھی تقسیم کی گئیں۔ تقریب میں جھارکھنڈ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مہیش شرد چندر سونک، جسٹس سجیت نارائن پرساد اور سکریٹری اوما شنکر سنگھ سمیت کئی معزز شخصیات موجود تھیں۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.