محکمہ بہبود کی جانب سے تعمیراتی کام جاری؛ 2027 تک مکمل ہوگا رانچی کا یہ سب سے بڑا ہاسٹل
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 18 اپریل:۔ رانچی کے کرم ٹولی علاقے میں محکمہ بہبود کی جانب سے 26.24 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک جدید ہاسٹل تعمیر کیا جا رہا ہے، جہاں 520 طلبہ کو ایک ہی چھت کے نیچے تمام ضروری سہولیات میسر ہوں گی۔ 98,505 مربع فٹ پر محیط یہ سات منزلہ (G+6) عمارت رانچی کا سب سے بڑا ہاسٹل ہوگا، جس کی تعمیر 2027 تک مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ اس نئے ہاسٹل کی تعمیر سے ان سینکڑوں طلبہ کو بڑی راحت ملے گی جو فی الحال پرانی عمارت میں نامساعد حالات اور موسم کی سختیوں کے درمیان رہنے پر مجبور ہیں۔ منصوبے کے مطابق ہاسٹل کی ہر منزل پر طلبہ کے لیے 22 کمرے ہوں گے اور ہر کمرے میں 4 طلبہ کے رہنے کی گنجائش ہوگی۔ ہر طالب علم کو انفرادی طور پر بیڈ، اسٹڈی ٹیبل، کرسی اور بورڈ فراہم کیا جائے گا۔ عمارت میں ایک وسیع ڈائننگ ہال بھی بنایا جا رہا ہے جہاں ایک ساتھ 120 طلبہ کھانا کھا سکیں گے، جبکہ جدید کچن، اناج اسٹور اور ہر فلور پر کامن روم کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔ عمارت کی گراؤنڈ فلور کو پارکنگ کے لیے مختص کیا گیا ہے، جہاں ہاسٹل کا دفتر اور ملاقاتی کمرہ (وزٹر روم) بھی تعمیر کیا جا رہا ہے۔
