مدارس مضبوط ہوں گے تو ملک اور مسلمان بھی مضبوط ہوں گے: وزیر حفیظ الحسن انصاری
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی ، 23؍ اپریل: الجامعۃ القادریہ اسلامی مرکز ہند پیڑھی رانچی میں نئے تعلیمی سیشن کے آغاز کے موقع پر ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں جھارکھنڈ کے اقلیتی بہبود کے کابینہ وزیر حفیظ الحسن انصاری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور مدرسہ کے طلباء کی حوصلہ افزائی کی۔ اپنے خطاب میں وزیر حفیظ الحسن انصاری نے کہا کہ مدارس اسلام کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر مدارس ہوں گے تو امام بھی ہوں گے اور اگر مدارس کمزور ہوں گے تو معاشرہ بھی کمزور ہو گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ فضول خرچی چھوڑ کر تعلیم اور مدارس کی ترقی پر توجہ دیں۔ انہوں نے بچوں پر زور دیا کہ وہ اپنے کردار کو بلند کریں اور معاشرے کے لیے ایک مثال قائم کریں۔ کابینہ وزیر نے کہاکہ تعلیم ایک ایسی دولت ہے جو تقسیم کرنے سے کم نہیں ہوتی بلکہ وہ مزیدبڑھ جاتی ہے انہوں نے اسلامی مرکز کے بہتر تعلیم وعمدہ نظم ونسق پر خوشی کا اظہار کیا اور حتی المقدور دست تعاون کی یقین دہانی کرائ۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ادارہ شرعیہ جھارکھنڈ کے ناظم اعلی مولانا قطب الدین رضوی نے کہا کہ آج نئے تعلیمی سیشن کا آغاز ہورہا ہے اسلامی مرکز ایک معیاری تعلیمی ادارہ ہے انہوں نے مدارس کو قومی ورثہ اور میراث قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان میں نہ صرف مذہبی تعلیم دی جاتی ہے بلکہ حب الوطنی کی بھی تعلیم ہوتی ہے یہی وجہ ہے کہ مدرسے کے فارغ التحصیل علامہ فضل حق خیرابادی علیہ الرحمہ کی مضبوط تحریک نے انگریزوں کو ملک چھوڑنے پر مجبورکردیااور مدرسے کی بدولت ملک آزادہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مدرسہ کو جے اے سی (جھارکھنڈ اکیڈمک کونسل) سے تسلیم کرنے کی کوششیں جاری ہیں تاکہ یہاں دی جانے والی تعلیم کو باضابطہ پہچان مل سکے۔ مدرسہ کے سکریٹری عقیل الرحمن نے کہا کہ ادارہ بہتر تعلیم کی فراہمی کے لیے مسلسل کوشاں ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ نائب صدر آفتاب عالم نے بتایا کہ اس موقع پر 2025 میں مدرسہ سے فارغ التحصیل ہونے والے طلباء کو اعزاز سے نوازا گیاتھا اورہرسال بچے حافظ قرآن ہوتے ہیں عالم دین بنتے ہیں۔ وزیر نے مدرسہ میں 100 بستروں کا ہاسٹل بنانے کا بھی وعدہ کیا۔ پروگرام کے اختتام پر مدرسہ انتظامیہ کی جانب سے وزیر کو مطالبات کی یادداشت پیش کی گئی جس پر انہوں نے فوری کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔ مولانا قطب الدین رضوی، عقیل الرحمن اور محمد۔ آفتاب عالم، خالد عمر، سجاد ادریسی، قاری ایوب، محمد غلام، ماسٹر عبدالقادر ربانی، حافظ جاوید،مو لانا ثاقب مصباحی، قاری شوکت حافظ غلام مصطفٰی، مو لانا شیر محمد مفتی اعجاز حسن مصباحی، مولانا منہاج الدین، مولانا منہاج الدین، سمیت کئی معززین موجود تھے۔ آج کے تعلیمی سیشن کا آغاز دعاؤں سے ہوااسلامی مرکزکے مہتمم قاری ایوب رضوی نے دعافرمایا۔
