افسران کو مختلف اسکیموں پر تیز رفتارسے عمل کرنے کی ہدایت
جدید بھارت نیوز سروس
رام گڑھ، 04؍ مئی: سوموار کے روز ضلع کلکٹریٹ ہال میں رکن پارلیمنٹ حلقہ ہزاری باغ منیش جیسوال کی صدارت میں ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کوآرڈینیشن اینڈ مانیٹرنگ کمیٹی (دشا) کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں رام گڑھ کی رکن اسمبلی ممتا دیوی، مانڈو کے رکن اسمبلی نرمل مہتو، بڑکا گاؤں کے رکن اسمبلی روشن لال چودھری، ڈپٹی کمشنر رام گڑھ ریتوراج، ضلع پریشد کی صدر سودھا دیوی اور نگر پریشد کی صدر کسم لتا کماری موجود تھیں۔ اجلاس کے آغاز میں گزشتہ میٹنگ میں دی گئی ہدایات کے مطابق کیے گئے کاموں کی تفصیلات پیش کی گئیں۔ جے ایس ایل پی ایس کے تحت چلنے والی اسکیموں کا جائزہ لیتے ہوئے رکن پارلیمنٹ نے ضلع میں فعال سخی منڈلوں اور ان سے ہونے والے فوائد کی معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر تنظیموں کو مضبوط کرنے اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو روزگار سے جوڑنے کی ہدایات دی گئیں۔ بجلی سے متعلق اسکیموں کے جائزے کے دوران رکن پارلیمنٹ نے بجلی کی فراہمی اور ٹرانسفارمرز کی مرمت کی صورتحال جانی اور نئے کنکشن کی درخواستوں کو فوری نمٹانے کا حکم دیا۔ سماجی تحفظ کے تحت پنشن اسکیموں کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے تمام اہل افراد کو فائدہ پہنچانے اور میّاں سمان یوجنا ‘ کے تحت مستفیدین کو درپیش مسائل دور کرنے کی ہدایت دی۔ پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کے حوالے سے رکن پارلیمنٹ نے ایگزیکٹو انجینئر کو ضلع کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کے مسائل پر خصوصی توجہ دینے، سروے کرنے اور سڑکوں کی تعمیر کی تجاویز پیش کرنے کی ہدایت دی۔ تعلیمی امور کے تحت پروجیکٹ امپیکٹ، درسی کتب کی تقسیم اور لباس کے ڈی بی ٹی کے کاموں کو وقت پر مکمل کرنے کے احکامات دیے گئے۔ اس کے علاوہ اسکولوں میں مڈ ڈے میل کے روسٹر پر عملدرآمد اور اسے دیواروں پر آویزاں کرنے کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔آنگن واڑی مراکز کے جائزے کے دوران رکن پارلیمنٹ نے سرکاری اور نجی عمارتوں میں چلنے والے مراکز کی معلومات لی اور نجی عمارتوں والے مراکز کو مرحلہ وار سرکاری عمارتوں میں منتقل کرنے کی ہدایت دی۔ محکمہ صحت کے جائزے میں صدر اسپتال اور دیگر مراکز میں دستیاب سہولیات کی جانکاری لی گئی، جہاں انہوں نے عام ڈیلیوری کی ترغیب دینے، باقاعدہ ٹیکہ کاری اور ٹروما سینٹرسے متعلق ہدایات جاری کیں۔ پینے کے پانی کی اسکیموں کے حوالے سے رکن پارلیمنٹ نے ایگزیکٹو انجینئر سے ضلع کے مختلف علاقوں میں جاری کاموں کی تفصیلات لیں۔ انہوں نے خراب یا بند پڑی اسکیموں کا وسیع سروے کر کے ان کی مرمت کو یقینی بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ این ایچ اے آئی (NHAI) کے حکام کو چٹّوپالو گھاٹی میں سڑک حادثات روکنے کے لیے سنجیدگی سے کارروائی کرنے اور چرہئی گھاٹی میں لائٹیں لگانے اور انہیں درست کرنے کی ہدایت دی گئی۔ کمیٹی کے ارکان نے مقامی مسائل کو بھی اجاگر کیا، جن کے حل کے لیے متعلقہ افسران کو ہدایات دی گئیں۔ اجلاس میں ڈی ڈی سی آشیش اگروال، ضلع فارسٹ آفیسر نتیش کمار، ایڈیشنل کلکٹر کماری گیتانجلی، سب ڈویژنل آفیسر انوراگ تیواری اور دیگر تمام ضلعی افسران بشمول ایگزیکٹو انجینئرز، ضلع مائننگ آفیسر، ضلع سپلائی آفیسر اور ضلع تعلقات عامہ کے افسر پربھات کمار وغیرہ بنیادی طور پر شریک تھے۔
