ہومJharkhandہزاریباغ ٹرپل مرڈر : وزیر صحت صدر ہسپتال پہنچے

ہزاریباغ ٹرپل مرڈر : وزیر صحت صدر ہسپتال پہنچے

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

قاتلوں کو کسی قیمت پر نہیں بخشا جائے گا؛لواحقین کو انصاف کی یقین دہانی

جدید بھارت نیوز سروس
ہزاریباغ،28؍اپریل: ہزاری باغ ضلع کے مورانگی، پوتا میں پیش آنے والے ٹرپل مرڈر کے دردناک اور دل دہلا دینے والے واقعے نے پوری ریاست کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ 21 سالہ وسیفہ ناز، 19 سالہ ثانیہ پروین اور 25 سالہ محمد عادل کی لاشوں کا تالاب سے برآمد ہونا انتہائی دکھ بھرا، حیران کن اور انسانیت کو شرمسار کرنے والا فعل ہے۔ اس گھناؤنے جرم نے معاشرے کی روح کو لرزہ دیا ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی جھارکھنڈ حکومت کے وزیر صحت ڈاکٹر عرفان انصاری رانچی جانے کے دوران فوری طور پر ہزاری باغ صدر ہسپتال پہنچے، جہاں ہزاروں کی تعداد میں لوگ انصاف کے مطالبے کے لیے جمع تھے۔ وزیر موصوف نے سب سے پہلے پوسٹ مارٹم ہاؤس جا کر تینوں متوفیان کی لاشیں دیکھیں اور گہری تعزیت کا اظہار کیا۔ اس کے بعد انہوں نے ضلع انتظامیہ، محکمہ صحت کے حکام، پولیس انتظامیہ اور متاثرہ خاندان کے ارکان کے ساتھ طویل میٹنگ کی اور پورے معاملے کا سنجیدگی سے جائزہ لیا۔میٹنگ کے دوران وزیر نے پولیس انتظامیہ کو واضح اور سخت الفاظ میں ہدایت دی کہ اس معاملے میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ قصوروار خواہ کوئی بھی ہو، کسی بھی صورت میں بچنا نہیں چاہیے۔ انہوں نے پولیس سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت دی کہ متاثرہ خاندان کے ہر فرد کا بیان لیا جائے، ہر پہلو کی باریک بینی سے جانچ کی جائے اور سائنسی و تکنیکی شواہد کی بنیاد پر مجرموں کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔ڈاکٹر عرفان انصاری نے کہا کہ “مجرم کی کوئی ذات، مذہب یا شناخت نہیں ہوتی، اس کی صرف ایک ہی پہچان ہوتی ہے وہ قاتل ہے۔ ایسے مجرموں کی جگہ صرف جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہے۔ جھارکھنڈ حکومت کسی بھی قصوروار کو بخشنے والی نہیں ہے۔”انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو انہوں نے انتہائی سنجیدگی سے لیا ہے اور ضلع انتظامیہ کو سخت ہدایت دی ہے کہ ہر حال میں قصورواروں کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ تینوں لاشوں کا میڈیکل بورڈ تشکیل دے کر پوسٹ مارٹم کرایا گیا ہے تاکہ غیر جانبدارانہ اور تفصیلی رپورٹ سامنے آ سکے۔ رپورٹ آتے ہی کئی اہم حقائق سامنے آئیں گے، جن کی بنیاد پر کارروائی مزید تیز کی جائے گی۔وزیر موصوف نے متاثرہ خاندان سے ملاقات کر کے انہیں تسلی دی اور کہا کہ حکومت ان کے ساتھ پوری مضبوطی سے کھڑی ہے۔ خاندان خود کو اکیلا نہ سمجھے۔ انصاف دلانا حکومت کی ترجیح ہے اور جب تک قصورواروں کو سزا نہیں ملتی، چین سے نہیں بیٹھا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ جھارکھنڈ حکومت ناانصافی، جرم اور ظلم کے خلاف پوری استقامت کے ساتھ کھڑی ہے۔ ریاست میں قانون کی حکمرانی قائم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ بے گناہوں کے خون کا حساب لیا جائے گا اور قصورواروں کو ایسی سزا دلائی جائے گی جو معاشرے کے لیے مثال بنے۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.