تعلیمی نظام میں اصلاحات اور ہنر مندی پر توجہ، 22 نئے ہاسٹلز کی تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ
جدید بھارت نیوز سروس
پٹنہ،30 اپریل :رابرٹ ایل چونگتھو نے آج محکمہ اقلیتی بہبود، بہار کے پرنسپل سکریٹری کے طور پر چارج سنبھال لیا جس کے بعد محکمے کے سابق سکریٹری محمد سہیل نے انہیں گلدستہ پیش کر کے ان کا استقبال کیا۔ عہدہ سنبھالنے کے فوراً بعد انہوں نے محکمے کے افسران اور عملے سے تعارف حاصل کیا اور جاری محکمانہ اسکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ جائزے کے دوران انہیں مطلع کیا گیا کہ اس وقت کشن گنج اور بیگوسرائے میں دو اسکولوں کے ساتھ ساتھ ریاست بھر میں 50 ہاسٹلز فعال ہیں، جبکہ مزید 22 مقامات پر ہاسٹلز کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے جس کے معیار پر انہوں نے خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی۔مدرسہ ری انفورسمنٹ اسکیم کے تحت 64 مدرسوں کو فراہم کی گئی امداد، وقف ترقیاتی اسکیم اور مطلقہ خواتین کے لیے جاری منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے اقلیتی برادری کی ہمہ جہت ترقی پر زور دیا۔ انہوں نے خاص طور پر طالبات کی تعلیمی صورتحال اور بارہویں جماعت کے بعد ان کے مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ چونگتھو نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ حکومت کا ہدف بچوں کو صرف تعلیم دینا نہیں بلکہ ان میں ایسی مہارت (Skill) پیدا کرنا ہے جس سے وہ بارہویں کے بعد روزگار کے بہتر مواقع حاصل کر کے خود کفیل اور باصلاحیت بن سکیں۔ اس اہم اجلاس میں محکمے کے تمام سینئرافسران شریک رہے۔
