دوسرے مرحلے کے انتخابات 29 اپریل کو
ووٹوں کی گنتی اور نتائج کا اعلان 4 مئی کو
142 نشستوں پرہوگی ووٹنگ
جدید بھارت نیوز سروس
کولکاتہ، 23 اپریل::مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ میں 91.78فیصد ووٹروں نے اپنا ووٹ ڈالا۔ووٹنگ کے لیے کل 44,378پولنگ مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ جن نشستوں پر سخت مقابلہ متوقع ہے ان میں نندی گرام، کھڑگپور، پورولیا، بانکوڑا اور جھارگرام شامل ہیں۔الیکشن کمیشن نے انتخابات کو پرامن بنانے کے لیے غیر معمولی حفاظتی انتظامات کیے ہیں اور حساس علاقوں میں مرکزی مسلح پولیس فورس کی بھاری تعیناتی کی گئی ہے۔ کمیشن نے ضلع مرشدآباد کے ڈومکل میں بائیں بازو کے حامیوں کو مبینہ طور پر ووٹ ڈالنے سے روکنے کے معاملے میں رپورٹ طلب کی ہے۔انتخابی ریاست میں سیلی گڑی اور ماٹی گارہ میں بین الاقوامی مبصرین کے ایک وفد نے اسمبلی انتخابات کے دوران ووٹنگ کے عمل کا براہِ راست مشاہدہ کیا۔پہلے مرحلے میں کل 1,478 امیدوار میدان میں ہیں۔ اس مرحلے میں ووٹروں کی کل تعداد 3.60 کروڑ سے زائد ہے، جن میں 1.84 کروڑ مرد 1.74 کروڑ خواتین اور 465واجہ سرا شامل ہیں۔ مغربی بنگال میں مجموعی طور پر 6.44 کروڑ ووٹر ہیں۔ اصل مقابلہ ترنمول کانگریس اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے درمیان ہے جبکہ کانگریس اور بائیں بازو کی جماعتیں بھی بھرپور مقابلہ کر رہی ہیں۔مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے ساتھ ساتھ مہاراشٹر کی دو اسمبلی نشستوں اور گجرات کی ایک نشست پر ضمنی انتخابات کے لیے بھی ووٹنگ ہو رہی ہے۔ جہاں مہاراشٹر کے بارامتی میں تین بجے تک 52.44فیصد ، راہوری میں 50.68 فیصد اور گجرات کے ُمریتھ میں54.43 فیصد ووٹنگ درج کی گئی۔ووٹنگ کے بعد الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو سیل کر کے گنتی مراکز کے اسٹرونگ روم میں منتقل کیا جائے گا، جہاں 24 گھنٹے سکیورٹی اہلکار تعینات رہیں گے۔مغربی بنگال میں دوسرے مرحلے کے انتخابات 29 اپریل کو ہوں گے جس میں 142 نشستوں پر ووٹنگ کرائی جائے گی۔ووٹوں کی گنتی چار مئی کو ہوگی اور اسی دن نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔
