وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کا انتخابی ریلیوں سے خطاب
جدید بھارت نیوز سروس
ہلدیا: وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے آج کئی انتخابی جلسوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے ہلدیا میں ایک انتخابی ریلی کے دوران دعویٰ کیا کہ مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) لگاتار چوتھی بار اقتدار میں واپسی کرے گی۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ ریاست میں کوئی بھی بی جے پی کی حکومت نہیں چاہتا ہے۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں سے متحد ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مرکز سے بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت کو اکھاڑ پھینکنے کا وقت آ گیا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس بار مغربی بنگال میں بی جے پی کی جیت نہیں ہوگی بلکہ ٹی ایم سی دوبارہ حکومت بنائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سال 2026 میں بی جے پی کو دہلی کے اقتدار سے بھی باہر کر دیں گے۔اس دوران ممتا بنرجی نے قائد حزب اختلاف شبھندو ادھیکاری کا نام لیے بغیر ان پر تیکھے طنز کیے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے اندر بہت غرور ہے اور آپ کا تو پورا خاندان ہی انتخاب لڑ رہا ہے۔ ممتا بنرجی نے ابھیشیک بنرجی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ آپ روز ابھیشیک کو برا بھلا کہتے ہیں، آپ ان کا مقابلہ نہیں کر سکتے اور مجھ سے لڑنا چاہتے ہیں؟ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ آنے والے دنوں میں ابھیشیک بنرجی ہی مدنا پور کی دیکھ بھال کریں گے۔ٹی ایم سی سربراہ نے بتایا کہ وہ گزشتہ ایک ماہ سے پورے بنگال کا دورہ کر رہی ہیں اور اس دوران انہوں نے عوام کی نبض کو پہچانا ہے۔ انہیں صاف دکھ رہا ہے کہ لوگ بی جے پی کو پسند نہیں کر رہے ہیں۔ ممتا بنرجی نے بی جے پی پر جوابی حملہ کرتے ہوئے اپنی ‘چارج شیٹ ‘ بھی جاری کی۔ دراصل بی جے پی نے ٹی ایم سی حکومت پر بدعنوانی کے الزامات لگاتے ہوئے ایک چارج شیٹ پیش کی تھی جس کے جواب میں ممتا بنرجی نے بی جے پی پر ہلدیا ڈاک اور صنعتی علاقوں میں ‘کٹ منی ‘ یعنی کمیشن لینے کا الزام لگایا۔ممتا بنرجی نے وزیر اعظم نریندر مودی کی بھی نکتہ چینی کی۔ وزیر اعظم نے حال ہی میں کہا تھا کہ بنگال کی تمام 294 نشستوں پر وہ خود بی جے پی کے امیدوار ہیں۔ اس پر ممتا نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کرنے کے لیے وزیر اعظم کو پہلے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینا ہوگا۔ واضح رہے کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے 28 مارچ کو ٹی ایم سی حکومت کے خلاف ایک الزام نامہ جاری کیا تھا جس میں بدعنوانی، امن و امان اور دراندازی جیسے مسائل اٹھائے گئے تھے۔ اب ممتا بنرجی نے انہی کے انداز میں بی جے پی کو گھیرا ہے۔ مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات دو مرحلوں میں ہوں گے۔ پہلے مرحلے کی پولنگ 23 اپریل اور دوسرے مرحلے کی 29 اپریل کو ہوگی جبکہ ووٹوں کی گنتی چار مئی کو کی جائے گی۔
