ہومWest Bengalبنگال میں ووٹوں کی گنتی کے لیے سخت سکیورٹی

بنگال میں ووٹوں کی گنتی کے لیے سخت سکیورٹی

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

ای وی ایم پر دوہرا کنٹرول اور 24 گھنٹے نگرانی

کولکاتہ :مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کی ووٹنگ مکمل ہونے کے قریب ہے اور اب گنتی کی تیاریوں کو آخری شکل دی جا رہی ہے۔ اس بار الیکشن کمیشن نے گنتی کے عمل کو زیادہ محفوظ اور شفاف بنانے کے لیے کئی سخت اقدامات کیے ہیں۔ ریاست کی 294 اسمبلی سیٹوں کے لیے کل 87 اسٹرانگ روم اور گنتی مراکز قائم کیے جا رہے ہیں، جہاں ای وی ایم مشینوں کو محفوظ رکھا جائے گا اور ووٹوں کی گنتی کی جائے گی۔کمیشن نے گنتی کے مراکز کو دو سطحوں پر تقسیم کیا ہے، جن میں 44 ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اور 43 سب ڈویژن ہیڈکوارٹر شامل ہیں۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ انتظامی کام آسان ہو اور ہر علاقے میں گنتی کا عمل بہتر طریقے سے مکمل کیا جا سکے۔ کولکاتہ میں بھی گنتی کے مراکز کو شمالی اور جنوبی حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے تاکہ بھیڑ کو کم کیا جا سکے اور سکیورٹی بہتر رہے۔جنوبی کولکاتہ میں بابا صاحب امبیڈکر ایجوکیشن یونیورسٹی، بالی گنج گورنمنٹ ہائی اسکول، گیتانجلی اسٹیڈیم اور سینٹ تھامس بوائز اسکول کو گنتی مراکز بنایا گیا ہے، جبکہ شمالی کولکاتہ میں نیتا جی انڈور اسٹیڈیم میں گنتی ہوگی۔ اس کے علاوہ علی پور کے ہیسٹنگس ہاؤس کمپلیکس میں بھی کئی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ریاست کے بڑے اضلاع میں ایک سے زیادہ گنتی مراکز بنائے گئے ہیں، جن میں سب سے زیادہ مراکز جنوبی 24 پرگنہ میں ہیں۔ یہاں جاداوپور کا اے پی سی رائے پولی ٹیکنک، ڈائمنڈ ہاربر ویمن یونیورسٹی، کاکڈویپ کا سندربن مہاودیالیہ اور جوکر براتچاری ودیاشرم جیسے تعلیمی اداروں کو گنتی مراکز کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔مرشدآباد ضلع میں پانچ گنتی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جہاں بہرام پور گرلز کالج، جنگی پور گورنمنٹ پولی ٹیکنک اور کنڈی راج کالج میں ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ اسی طرح مشرقی اور مغربی مدناپور کے کئی اداروں میں بھی گنتی کا انتظام کیا گیا ہے، جبکہ شمالی بنگال کے اضلاع جیسے جلپائی گوڑی، کوچ بہار، دارجلنگ اور کالمپونگ میں الگ الگ مراکز قائم کیے گئے ہیں۔سکیورٹی کے لحاظ سے بھی اس بار سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ہر اسٹرانگ روم کو مرکزی نیم فوجی دستے کی نگرانی میں رکھا جائے گا اور وہاں 24 گھنٹے سی سی ٹی وی کی نظر ہوگی۔ اس کے علاوہ ای وی ایم کی حفاظت کے لیے دو سطحی کنٹرول سسٹم رکھا گیا ہے، جس کے تحت ایک چابی ضلع مجسٹریٹ کے پاس ہوگی جبکہ دوسری چابی امیدوار یا ان کے نمائندوں کے پاس رہے گی۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ان تمام اقدامات کا مقصد گنتی کے عمل کو مکمل طور پر شفاف، محفوظ اور قابل اعتماد بنانا ہے، تاکہ کسی بھی قسم کی گڑبڑی یا تنازع سے بچا جا سکے اور نتائج صاف اور منصفانہ انداز میں سامنے آئیں۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.