ہومWest Bengalای وی ایم کـی حـفـاظت پر سخت پہــرہ

ای وی ایم کـی حـفـاظت پر سخت پہــرہ

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

مغربی بنگال میں اسٹرانگ رومز فول پروف سیکورٹی میں؛ 4 مئی کا انتظار

کولکاتہ:مغربی بنگال اسمبلی انتخابات 2026 کے دو مرحلوں کی ووٹنگ مکمل ہونے کے بعد الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں اب سخت سیکورٹی کے حصار میں اسٹرانگ رومز میں محفوظ کر دی گئی ہیں اور ان کی حفاظت کے لیے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔انتخابی کمیشن نے تمام اسٹرانگ رومز کو مرکزی فورسز کے فول پروف سیکیورٹی نظام میں رکھا ہے تاکہ کسی بھی قسم کی مداخلت یا بدعنوانی کے امکان کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔ ریاست بھر میں پہلے تقریباً 200 کمپنیوں کی تعیناتی کا فیصلہ کیا گیا تھا، تاہم بعد میں سیکیورٹی مزید سخت کرتے ہوئے اضافی فورسز بھی تعینات کر دی گئی ہیں۔اس بار ریاست میں گنتی کے مراکز کی تعداد 108 سے کم کر کے 87 کر دی گئی ہے، جس کے نتیجے میں ہر مرکز پر سیکورٹی اہلکاروں کی موجودگی پہلے کے مقابلے میں زیادہ بڑھا دی گئی ہے۔کئی اہم اسمبلی حلقوں، جن میں راجار ہاٹ-نیو ٹاؤن ، بدھان نگر اور راجر ہاٹ گوپال پور شامل ہیں، کی ای وی ایمز مخصوص مراکز میں سخت نگرانی کے تحت رکھی گئی ہیں۔ان مراکز میں ایک عارضی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے جہاں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے 24 گھنٹے مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ ہر نقل و حرکت کو ریکارڈ کیا جا رہا ہے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔اسٹرانگ رومز کے اندر اور باہر انٹری اور ایگزٹ پوائنٹس پر سخت پابندیاں نافذ ہیں، اور کسی بھی غیر متعلقہ شخص کے داخلے پر مکمل روک لگا دی گئی ہے۔انتخابی کمیشن کے مطابق یہ تمام اقدامات اس لیے کیے گئے ہیں تاکہ 4 مئی کو ہونے والی ووٹوں کی گنتی مکمل طور پر شفاف، محفوظ اور پرامن ماحول میں ہو سکے۔اس وقت پوری ریاست کی نظریں اسٹرانگ رومز اور آنے والے نتائج پر لگی ہوئی ہیں، جبکہ سیکورٹی ادارے ہر لمحے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.