انڈیکس کارڈز اور شماریاتی اعداد و شمار جاری کر دئیے
نئی دہلی، 08 مئی (یو این آئی) الیکشن کمیشن نے حال ہی میں مکمل ہونے والے اسمبلی انتخابات اور ضمنی انتخابات سے متعلق انڈیکس کارڈز اور اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔ان رپورٹوں میں ووٹرز، امیدواروں، ووٹنگ کی شرح، پارٹی وار اور امیدوار وار ووٹوں سمیت انتخابات سے متعلق مختلف اعداد و شمار شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن نے جمعہ کو یہاں ایک ریلیز میں یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ 6 مئی 2026 کو مکمل ہونے والے پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات اور آٹھ نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے تحت تمام 830 اسمبلی حلقوں کے انڈیکس کارڈز اور شماریاتی رپورٹیں ریکارڈ 72 گھنٹوں کے اندر عام کر دی گئی ہیں۔ تاہم مغربی بنگال کی 144-فالتا اسمبلی نشست پر دوبارہ پولنگ 21 مئی کو مقرر ہے۔ریلیز کے مطابق، ‘ای سی آئی نیٹ،کے آغاز سے پہلے ان اعداد و شمار کو مرتب کرنے اور شائع کرنے میں کئی ہفتوں سے مہینوں تک کا وقت لگ جاتا تھا، کیونکہ پورا عمل دستی (مینول) طریقے سے ہوتا تھا۔ کمیشن نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران انتخابی عمل کو مزید شفاف اور ٹیکنالوجی پر مبنی بنانے کے لیے 30 سے زائد اقدامات کیے گئے ہیں، جن میں انڈیکس کارڈز اور شماریاتی رپورٹوں کی فوری ڈیجیٹلائزیشن اور اشاعت بھی شامل ہے۔کمیشن نے بتایا کہ انڈیکس کارڈز ‘ای سی آئی نیٹ، ایپ کے ‘اباؤٹ الیکشنز، ٹیب اور الیکشن کمیشن کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔ اس کے ساتھ ہی پہلی بار 14 تفصیلی شماریاتی رپورٹیں بھی انتخابی نتائج کے اعلان کے 72 گھنٹوں کے اندر جاری کی گئی ہیں۔ان رپورٹوں میں ریاست وار اور اسمبلی حلقہ وار ووٹرز کی تعداد، پولنگ اسٹیشنوں کی تفصیلات، ووٹنگ کی شرح، خواتین اور مرد ووٹرز کی شرکت، پارٹی وار ووٹوں کا تناسب اور حلقہ وار تفصیلی انتخابی نتائج جیسی معلومات شامل ہیں۔ کمیشن نے کہا کہ یہ اقدام انتخابی اعداد و شمار کو محققین، ماہرین تعلیم اور عام عوام کے لیے مزید قابل رسائی اور شفاف بنانے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔
