سری نگر، 5 مئی (یو این آئی) جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے منگل کو الیکشن کمیشن پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ مرکزی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر انتخابی عمل کو کمزور کر رہا ہے۔محبوبہ مفتی کا یہ بیان مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی بڑی کامیابی کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے۔ انہوں نے ان نتائج کو ملک کے جمہوری اداروں کی گرتی ہوئی ساکھ اور کمزور ہوتی جمہوری قدروں سے جوڑتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا۔پی ڈی پی صدر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ٹی این شیشن کی اصلاحات کے بعد کبھی ہندوستان کے انتخابی نظام کی پوری دنیا میں تعریف کی جاتی تھی اور الیکشن کمیشن کو جمہوریت کا ’بے خوف محافظ‘ تصور کیا جاتا تھا۔انہوں نے الزام لگایا کہ آج یہی ادارہ مرکزی ایجنسیوں کے تعاون سے انتخابی عمل میں مداخلت اور دھاندلی کے الزامات کی زد میں ہے۔اس صورتحال کو ’افسوسناک زوال‘ قرار دیتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ اگرچہ ملک ابھی تک ’وشو گرو‘ بننے کا خواب پورا نہیں کر سکا لیکن ’انتخابی ہیرا پھیری کے فن‘ میں ضرور مہارت حاصل کر چکا ہے۔انہوں نے مغربی بنگال کے حالیہ انتخابی نتائج اور واقعات کو اس تشویشناک حقیقت کی تازہ مثال قرار دیا۔
