بارامتی ، 4 مئی (یو این آئی) بارامتی ضمنی انتخاب میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (اجیت پوار گروپ) کی امیدوار اور ریاست کی نائب وزیر اعلیٰ سنیترا اجیت پوار نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے 2 لاکھ 18 ہزار 930 ووٹوں کی بھاری برتری سے تاریخی جیت درج کی ہے۔اس ضمنی انتخاب میں انہوں نے نہ صرف واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کی بلکہ ملک بھر میں سب سے زیادہ ووٹوں کے فرق سے جیتنے کا نیا ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ 2019 میں سابق رکن اسمبلی اجیت پوار کے نام تھا، جسے اب سنیترا اجیت پوار نے پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ووٹوں کی گنتی کے 24ویں مرحلے کے بعد دستیاب اعداد و شمار کے مطابق سنیترا اجیت پوار نے 2 لاکھ 18 ہزار 930 ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی، جو قومی سطح پر سب سے بڑی جیت قرار دی جا رہی ہے۔انتخابی مہم کے دوران نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے کارکنوں کے ساتھ جے پوار اور پرتھ پوار نے بھی عوام سے اپیل کی تھی کہ سنیترا اجیت پوار کو ریکارڈ اکثریت سے کامیاب بنایا جائے۔ انہیں مختلف سیاسی جماعتوں اور سماجی تنظیموں کی بھی حمایت حاصل رہی۔دوسری جانب ان کے مقابلے میں کھڑے تمام امیدوار خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور کوئی بھی امیدوار ایک ہزار ووٹوں کا ہندسہ عبور نہیں کر سکا۔ کرنہ منڈے کو صرف 125 ووٹ ملے جبکہ ابھیجیت بچوکلے کو محض 121 ووٹ حاصل ہوئے۔یہ جیت بارامتی کے عوام کے بھرپور اعتماد اور حمایت کا مظہر قرار دی جا رہی ہے، جس نے ریاستی سیاست میں ایک نئی مثال قائم کر دی ہے۔
بارامتی ضمنی انتخاب: سنیترا پوار کی ریکارڈ جیت، 2 لاکھ 18 ہزار 930 ووٹوں کی برتری
مقالات ذات صلة
