سال 2026کے لیے مجموعی طور پر 131پدم انعامات پیش کیے گئے
دھرمیندر کو بعد از مرگ پدم وبھوشن، ہرمن پریت اور روہت شرما کو پدم شری
نئی دہلی، 25 مئی:۔ (ایجنسی) صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو نے آج راشٹرپتی بھون میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران ملک کی چھیاسٹھ مایہ ناز شخصیات کو باوقار ’پدم انعامات‘ سے سرفراز کیا۔ جھارکھنڈ کے لیے یہ انتہائی فخر کا موقع ہے کہ ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ اور جے ایم ایم کے سپریمو دیش رتن شیبو سورین (گرو جی) کو عوامی خدمات کے شعبے میں ان کی بے لوث اور طویل خدمات کے اعتراف میں ’پدم بھوشن‘ ایوارڈ دینے کا باضابطہ اعلان کیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ مشہور گلوکارہ الکا یاگنک اور اتراکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ بھگت سنگھ کوشیاری سمیت تیرہ شخصیات کو پدم بھوشن سے نوازا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ سال دو ہزار چھبیس میں مجموعی طور پر ایک سو اکتیس شخصیات کو پدم انعامات دیے جانے ہیں، جن میں سے چھیاسٹھ کو آج اعزاز سے نوازا گیا جبکہ بقیہ پینسٹھ فاتحین کو اگلے مرحلے میں سرفراز کیا جائے گا۔ آج کی تقریب میں سب سے پہلے فلمی دنیا کے لیجنڈ اداکار آنجہانی دھرمیندر کو بعد از مرگ ’پدم وبھوشن‘ سے نوازا گیا، جسے ان کی اہلیہ اور ایم پی ہما مالنی نے وصول کیا۔ کھیل کود کے شعبے میں ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور، مردوں کی ٹیم کے کپتان روہت شرما اور ہاکی کھلاڑی سویتا پونیا سمیت ایک سو تیرہ شخصیات کو ’پدم شری‘ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ تقریب کے دوران پودوچیری کے روایتی مارشل آرٹ (سلنبم) کے ماہر کے پجنیویل کو پدم شری دیا گیا، جنہوں نے اعزاز حاصل کرنے سے قبل وزیراعظم نریندر مودی کو زمین پر لیٹ کر پرنام کیا، جس کی وہاں موجود لوگوں نے خوب ستائش کی۔ ان کے علاوہ سینئر صحافی کیلاش چندر پنت کو نوے برس کی عمر میں ہندی زبان کے فروغ کے لیے اور یو جی سی کے سابق چیئرمین ممیڈالا جگدیش کمار کو ادب و تعلیم کے میدان میں پدم شری اعزاز سے سرفراز کیا گیا۔
