ہومNationalیوپی میں ’امید‘پورٹل پر درج کرائی گئیں وقف کی 31 ہزار املاک...

یوپی میں ’امید‘پورٹل پر درج کرائی گئیں وقف کی 31 ہزار املاک مسترد

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

وقت پر درستگی نہ کرنے پر ہوگی قانونی کارروائی؛ اندراج کیلئے اب 2 ہفتے سے بھی کم وقت باقی

لکھنؤ، 23 مئی:۔(ایجنسی) ‘امید ‘ پورٹل پر اوقاف کے اندراج کی آخری تاریخ میں اب 2 ہفتے سے بھی کم وقت بچا ہے۔ اگرچہ اندراج کا عمل تیزی سے جاری ہے، لیکن دوسری جانب یوپی سنی سینٹرل وقف بورڈ کی طرف سے درخواستوں کو مسترد (رِجیکٹ) کیے جانے کی تشویشناک تعداد نے سب کو حیران کر دیا ہے۔ اب تک 31 ہزار سے زائد اوقاف کی درخواستیں مسترد کی جا چکی ہیں، جنہیں متعلقہ متولی اور کمیٹی کے ذمہ داران کو مقررہ وقت کے اندر درست کر کے دوبارہ جمع کرانا ہوگا۔ اس کے بعد بورڈ دوبارہ ان کی جانچ کرے گا اور پھر انہیں حتمی منظوری مل سکے گی۔
5 جون تک اندراج اور درستگی لازمی، لاپرواہی پر مقدمہ اور سزا
واضح رہے کہ یہ سارا عمل 5 جون کے اندر مکمل کرنا لازمی ہے۔ وقت کے اندر اندراج نہ ہونے یا مسترد شدہ اوقاف کی درستگی نہ کیے جانے کی صورت میں متولیوں کو سخت قانونی پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ نئے قوانین کے مطابق جو اوقاف ‘امید ‘ پورٹل پر رجسٹرڈ نہیں ہوں گی، انہیں قانونی طور پر وقف تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی وقف ایکٹ میں ایسے معاملے پر مقدمہ چلانے اور سزا دینے کی تجویز بھی شامل ہے، جس کی وجہ سے وقت کے اندر اوقاف کا اندراج اور مسترد درخواستوں کی درستگی انتہائی ضروری ہو جاتی ہے۔
یوپی میں 1 لاکھ 18 ہزار 744 کا اندراج مکمل
اترپردیش سنی سینٹرل وقف بورڈ میں درج اوقاف کی کل تعداد 1 لاکھ 26 ہزار سے زائد ہے۔ وقف ترمیمی قانون 2025 کے تحت تمام اوقاف کا ‘امید ‘ پورٹل پر اندراج لازمی قرار دیا گیا ہے، جس کا آغاز 5 جون 2025 سے ہوا تھا۔ ابتدائی 6 ماہ کی مدت ختم ہونے کے بعد ٹربیونل کی جانب سے مزید چھ ماہ کی مہلت دی گئی تھی، جو اب 5 جون 2026 کو مکمل ہو رہی ہے۔ اب تک کی پیش رفت کے مطابق پورٹل پر 1 لاکھ 18 ہزار 744 اوقاف کا اندراج کیا جا چکا ہے، لیکن درست تفصیلات نہ ہونے کی وجہ سے وقف بورڈ نے 31 ہزار 318 اوقاف کو ریجیکٹ کر دیا ہے۔ بورڈ کے اہلکار متولیوں کو مسترد ہونے کی وجہ بھی بتا رہے ہیں۔ سنی سینٹرل وقف بورڈ کے افسران کے مطابق بورڈ کو 30 جون تک پورٹل پر درج کی گئی اوقاف کی چیکنگ اور منظوری کا وقت حاصل ہے، اس لیے ذمہ داران جلد از جلد درستگی کا کام مکمل کریں۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.