پٹاخے اور غیر قانونی شراب کے ساتھ دو افراد کو گرفتارکیا
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی ،19؍اپریل: رانچی ریلوے اسٹیشن آر پی ایف کی مستعدی کی وجہ سے ممنوعہ پٹاخے رکھنے والے اور شراب اسمگلر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دونوں کو آر پی ایف کی خصوصی چیکنگ مہم کے تحت پکڑا گیا۔
آپریشن ’سنرکشا‘کے تحت برآمدگی
آر پی ایف نے رانچی ریلوے اسٹیشن سے آپریشن ’سنرکشا‘ کے تحت ممنوعہ پٹاخے برآمد کیے ہیں۔ آر پی ایف کے ڈویژنل سیکورٹی کمشنر پون کمار نے بتایا کہ آر پی ایف پوسٹ رانچی کی جانب سے آپریشن ’سنرکشا‘کے تحت رانچی ریلوے اسٹیشن کے مین گیٹ پر واقع لگیج اسکینر پر سخت تلاشی کے دوران ایک مسافر مشتبہ سامان کے ساتھ پایا گیا۔پوچھ گچھ کے دوران اس کی شناخت پنکج کمار (عمر 24 سال)، ساکن پلاموں (جھارکھنڈ) کے طور پر ہوئی۔ اس کے دو بیگوں کی تلاشی لینے پر کل 09 پیکٹ پٹاخے برآمد ہوئے۔ مذکورہ پٹاخے آتش گیر (inflammable) ہونے کی وجہ سے ریلوے حدود میں لے جانا ممنوع ہے۔ اس سلسلے میں ملزم کوئی قانونی اجازت نامہ پیش نہیں کر سکا، جس پر برآمد شدہ سامان کو باقاعدہ ضبط کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ اس سلسلے میں آر پی ایف پوسٹ رانچی میں ریلوے ایکٹ کی دفعہ 164 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
غیر قانونی شراب برآمد
دوسری جانب، آر پی ایف نے ریلوے اسٹیشن سے ایک شراب اسمگلر کو بھی گرفتار کیا ہے۔ آپریشن ’سترک‘کے تحت آر پی ایف ٹیم نے رانچی ریلوے اسٹیشن پر تلاشی کے دوران ٹرین نمبر 18622 میں ایک مشتبہ شخص کی نشاندہی کی۔ جانچ کے دوران مذکورہ شخص کے بیگ سے کل 17 بوتلیں غیر قانونی شراب برآمد ہوئیں۔پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے اپنا نام رنجیت کمار (عمر 36 سال)، ساکن دھنباد بتایا۔ آر پی ایف کمانڈنٹ پون کمار نے بتایا کہ گرفتار شخص شراب کے حوالے سے کوئی قانونی دستاویز پیش نہیں کر سکا اور اس نے اسے غیر قانونی فروخت کے لیے لے جانے کا اعتراف کیا۔ جس کے بعد ملزم کو گرفتار کر کے برآمد شدہ سامان ضبط کر لیا گیا۔
