جدید طبی سہولیات سے ریاست کے مریضوں کو ہوگا بڑا فائدہ:اسمبلی اسپیکر ربیندر ناتھ مہتو
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی ، 30؍مئی: رانچی میں گیسٹرو اور جگر کے امراض کے علاج کے لیے وقف “آرکڈ ہیریٹیج انسٹی ٹیوٹ آف گیسٹرو اینٹرولوجی” کا افتتاح جھارکھنڈ اسمبلی کے اسپیکر ربیندر ناتھ مہتو کے ذریعہ کیا گیا۔ اس موقع پر معالجین، انسٹی ٹیوٹ کی انتظامیہ اور دیگر مہمان موجود تھے۔انسٹی ٹیوٹ میں جھارکھنڈ کے مشہور گیسٹرو اینٹرولوجسٹ ڈاکٹر جینت کمار گھوش، جو گیسٹرو اینٹرولوجی کے شعبہ کے ایچ او ڈی (HOD) ہیں، اور ڈاکٹر اکھلیش یادو، کنسلٹنٹ گیسٹرو اینٹرولوجسٹ، اپنی خدمات فراہم کریں گے۔ ان کی قیادت میں مریضوں کو گیسٹرو اور جگر کے امراض کے لیے ماہرانہ مشورے، جدید ٹیسٹ اور علاج کی جدید سہولیات دستیاب ہوں گی۔ یہاں پیٹ، جگر اور نظام ہضم سے متعلق بیماریوں کی جانچ اور علاج کیلئے EUS (Endoscopic Ultrasound)، ERCP، FNA/FNB، Colonoscopy، Pediatric Endoscopy، FibroScan، Manometry اور SpyGlass Cholangioscopy جیسی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ان خدمات کے ذریعے پیٹ درد، گیس، السر، یرقان، جگر اور لبلبہ (پینکریاز) سے متعلق بیماریوں کی جانچ اور علاج ایک ہی جگہ پر کیا جا سکے گا۔افتتاح کے دوران ربیندر ناتھ مہتو نے کہا کہ ریاست میں اس قسم کی طبی سہولیات کی دستیابی مریضوں کے لیے فائدہ مند ہوگی اور لوگوں کو بہتر علاج کے لیے باہر جانے کی ضرورت کم ہوگی۔انسٹی ٹیوٹ کی انتظامیہ نے بتایا کہ انسٹی ٹیوٹ کا مقصد مریضوں کو ماہرانہ مشورے، بروقت جانچ اور علاج کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔
