ووٹرزآج پولنگ اسٹیشنوں پر جا کر ’اَن میپڈ‘ لسٹ میں اپنا نام ضرور چیک کریں
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 22 مئی: جھارکھنڈ کے چیف الیکشن آفیسر کے۔ روی کمار نے ریاست کے تمام ووٹرز سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ آج سے اپنے اپنے پولنگ اسٹیشن پر جا کر ان میپڈ (Un-mapped) ووٹر لسٹ میں اپنا نام لازمی طور پر چیک کریں۔ انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ خصوصی لسٹ اگلے دو ہفتوں تک ریاست کے تمام پولنگ اسٹیشنوں پر عوام کے دیکھنے کے لیے دستیاب رہے گی، تاکہ کوئی بھی ووٹر اپنے نام کی تصدیق آسانی سے کر سکے۔ چیف الیکشن آفیسر نے مزید بتایا کہ اس لسٹ میں ان میپڈ ووٹرز کے ناموں کے ساتھ ساتھ ان سے متعلقہ بی ایل او (BLO) کا نام اور موبائل نمبر بھی فراہم کیا جائے گا، تاکہ ووٹرز کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جن ووٹرز کی میپنگ کا عمل مکمل ہو جائے گا، انہیں ایس آئی آر (SIR) کے عمل کے دوران کسی بھی قسم کی اضافی دستاویزات جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ چیف الیکشن آفیسر نے ریاست کے تمام شہریوں اور رائے دہندگان سے گزارش کی ہے کہ وہ جلد سے جلد اپنے بی ایل او سے رابطہ قائم کریں اور ووٹر لسٹ میں اپنے نام کی میپنگ کو یقینی بنائیں۔
