نیویارک، 9 مئی (یو این آئی) امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات آئندہ ہفتے اسلام آباد میں دوبارہ شروع ہونے کا امکان ہے۔امریکی اخبار دی وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق امریکہ ایران مذاکرات اگلے ہفتے اسلام آباد میں بحال ہو سکتے ہیں۔ دی وال اسٹریٹ جرنل نے معاملے سے واقف ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ دونوں فریق ثالثی کردار ادا کرنے والوں کے ساتھ مل کر ایک ایک صفحے پر مشتمل 14 نکاتی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) تیار کرنے پر کام کر رہے ہیں، جس میں ایک ماہ پر محیط مذاکرات کا فریم ورک طے کیا جائے گا، جن کا مقصد جنگ کے خاتمے کی راہ ہموار کرنا ہے۔رپورٹ کے مطابق مسودے میں ایران کے جوہری پروگرام، آبنائے ہرمز میں کشیدگی کم کرنے اور ایران کے انتہائی افزودہ یورینیم کے ذخائر کو کسی تیسرے ملک منتقل کرنے جیسے معاملات پر گفتگو شامل ہے۔ تاہم، خبر میں کہا گیا ہے کہ اہم مسائل اب بھی حل طلب ہیں۔رپورٹ کے مطابق پابندیوں میں نرمی کی حد تاحال بحث کا موضوع ہے اور یہی نکتہ مذاکرات کی راہ میں رکاوٹ بن سکتا ہے۔ امریکی اخبار کا کہنا ہے کہ اگر بات چیت میں پیش رفت ہوتی ہے تو فریقین کی باہمی رضامندی سے ابتدائی ایک ماہ کی مدت میں توسیع بھی کی جا سکتی ہے۔خیال رہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان مذاکرات کا پہلا مرحلہ 11 اپریل کو اسلام آباد میں ہوا تھا، دونوں ممالک کے وفود کے درمیان تقریباً 21 گھنٹے تک مذاکرات چلتے رہے تاہم مذاکرات کسی ڈیل پرپہنچے بغیر ہی ختم ہو گئے تھے۔
امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات اگلے ہفتے اسلام آباد میں دوبارہ شروع ہونے کا امکان
مقالات ذات صلة
